آزاد کشمیر میں جے کے ایل ایف مارچ کی حمایت کرتے ہیں، چوہدری عظیم

October 10, 2019

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) برطانیہ میںکشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر چوہدری محمد عظیم نے جے کے ایل ایف کے زیراہتمام ہونے والے آزادی مارچ کی حمایت کردی ہے۔ انہوںنے کہا یہ مارچ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل میںسنگ میل ثابت ہوگا۔ چوہدری محمد عظیم نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے مطالبہ کیا ہے کہ چکوٹھی کے مقام پر آزادی مارچ کے دھرنہ دینے والے جرأت مند کشمیریوں کے جان و مال کے تحفظ ان کیلئے خوراک و ادویات اور ٹینٹ کے انتظامات کیلئے فوری اقدامات کرے بلکہ آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبران، وزراء اسپیکر اسمبلی اور دیگر سیاسی جماعتوںکے قائدین آزادی مارچ کے ساتھ تعاون کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں جنہوںنے وہاںدھرنہ دیا ہو ا ہے۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا دھرنہ دینا اور کنٹرول لائن توڑنا کشمیریوںکا اصولی و جائز مطالبہ ہے۔ انہوںنے کہا کنٹرول لائن پر شرکاء نے آزادی مارچ کاپرامن دھرنہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کیلئے ایک چیلنج ہے جو مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مسئلہ قرار دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ چکوٹھی کے دھرنے کے باعث بھارت کا میڈیا بوکھلا گیا ہے، بھارت کے ایوانوں میں بھونچال آگیا ہے۔ بھارت کا میڈیا حقائق چھپانے کی خاطر جھوٹ و منافقت سے کام لے رہا ہے بلکہ بھارت کی خارجہ پالیسی کو بھارت کی آر ایس ایس اور الیکٹرانک میڈیا کنٹرول کررہا ہے۔چوہدری عظیم نے کہا کہ آزادی کی جنگ میںپاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے جے یو آئی کے رہنما مولانا فضل الرحمٰن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بتائیںانہوںنے بحیثیت چیئرمین کشمیر کمیٹی کیا اقدامات کئے ۔ انہوں نے آزاد کشمیر کا ایک بھی دورہ نہیںکیا، آج انہیں سوشل میڈیا پر بھارت نواز کہا جارہا ہے آخر کیوں۔ چوہدری محمد عظیم نے پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اپنے ٹی وی پروگراموں میںکنٹرول لائن کشمیری عوام کے دھرنے ان کے مطالبات کو شامل کریں ان کو اپنے بحث و مباحثوں میں زیادہ اہمیت دے۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا کشمیری عوام تقسیم کشمیر کے کسی بھی فارمولے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔