اپنے بچوں کو بچانے کیلئے فیس بک کا محاسبہ ضروری ہے، مارک بینیوف

October 17, 2019

امریکا کی ایک سافٹ ویئر کمپنی سیلز فورس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) مارک بینیوف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم فیس بک کو ’نئی سیگریٹ‘ قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مارک بینیوف نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور بچوں کو بھی اس سگریٹ کی لت لگ رہی ہے۔

خیال رہے کہ فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ آزادی اظہار رائے پر جلد ایک تقریر کریں گے۔

اس اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے سیلز فورس کے سی ای او نے کہا کہ فیس بک کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں مارک بینیونی کا کہنا تھا کہ فیس بک ایک پبلشر ہے، اس پلیٹ فارم پر ہونے والے پروپگینڈے کی وجہ اس کا بھی احتساب کرنے کی ضرورت ہے۔

اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے قانون کے مطابق اپنے ضابطہ اخلاق مرتب کیے ہوئے ہیں، لیکن فیس بک ایک سگریٹ بن چکا ہے، اس سے ہم اور ہمارے بچے متاثر ہورہے ہیں جبکہ جنہیں اس کی لت لگ رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں سیکشن 230 کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس کی تلافی کر سکیں۔

خیال رہے کہ امریکا کے کمیونیکیشن ڈیسینسی ایکٹ 1996 کا سیکشن 230 سماجی رابطے کی ویب سائٹس کو یہ اختیار دیتا ہے کہ ان کے صارفین ان پلیٹ فارمز پر کوئی بھی مواد پوسٹ کر سکتے ہیں۔