بچوں سے زیادتی کیس، انٹرنیشنل ڈارک ویب کا ایک اور رکن گرفتار

November 17, 2019

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر) بچوں سے زیادتی کرنے اوران کی ویڈیوزاپ لوڈکرنے میں ملوث انٹرنیشنل ڈارک ویب کے ایک اور رکن کو گرفتار کر لیاگیا۔مرکزی ملزم سہیل ایاز سمیت گرفتار ملزموں کی تعداد3ہو گئی۔سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس نے انٹرنیشنل ڈارک ویب کے سرغنہ سہیل ایاز اور اس کے قانون شکن ساتھی ملزم خرم کالا کی گرفتاری کے بعد ایک اورملزم اعجاز کو بھی گرفتار کرلیا جو انٹرنیشنل ڈارک ویب کے حوالے سے سہیل ایاز کے بعد انتہائی اہم رکن سمجھا جا رہا ہے۔ ذرائع کاکہناہے کہ گرفتار ملزموں سے پولیس کے علاوہ دیگر تحقیقاتی ادارے بھی تفتیش کریں گے۔ ذرائع کاکہناہے کہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے سی پی اوڈی آئی جی فیصل راناکی سرکردگی میں برطانیہ اور اٹلی سے بچوں کی بدفعلی کے جرم میں جیل کاٹ کر ڈی پورٹ ہونے والے ملزم کو پاکستانی بچوں سے زیادتی کرنے کے جرم میں گرفتار کر نے سے عالمی سطح پر پاکستانی پولیس کا نام بلند ہوا ہےاور بچوں کے تحفظ کے حوالے سےراولپنڈی پولیس کی بہترین کارکردگی کواعلیٰ سطح پرسراہاجارہاہے۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومتی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں جو اس سکینڈل کے تفتیشی مراحل کی نگرانی کریں گی۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس بات پر یکسو ہیں کہ ٹھوس شواہد کے ساتھ ملزموں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ قانون کے مطابق انہیں ایسی سزا ملے کہ آئندہ کوئی اس طرح کا مکروہ فعل کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔