دروازوں کو دیدہ زیب بنائیں

January 15, 2020

راحیلہ مغل

گھر کی تزئین وآرائش میں جس طر باقی چیزوں کی اہمیت ہوتی ہے بلکہ اسی طر ح دروازے بھی اہمیت کےحامل ہوتے ہیں ۔اسی لیے وہی دروازے منتخب کریں ،جو آپ کے گھر کے ترئین وآرائش سے بہترین ملاپ کھائیں۔گھر کے اندرون دروازوں کے لیے بہتر اسٹائل اور ڈیزائن کو منتخب کرنے میں ہم آپ کی رہنمائی کے لیے کچھ ڈیزائنزکے بارے میں آپ کو بتا رہے ہیں۔

پاکٹ ڈور

یہ ایک منفرد اسٹائل ہے،جسے لوگ ذوق وشوق سے منتخب کرتے ہیں۔پاکٹ ڈور اور روایتی دروازے میں سب سے بڑا فرق یہ ہے کہ اسے دروازے دیوار کے اندر چھپ سکتے ہیں ۔یعنی جب آپ انہیں کھولیں تو یہ دیواروں کی طرف کھسک کر بند ہو جاتے ہیں ۔یہ کچھ زیادہ پیچیدہ نہیں ہوتا لیکن اس میں ذرا ترمیم کی ضرورت ہوتی ہے ۔بہت سے لوگ اپنے بیڈرومز کے لیے انہیں منتخب کرتے ہیں لیکن انہیں گھر میں دیگر جگہوں پر بھی لگا یا جا سکتا ہے ۔

فرنچ ڈور

فرنچ ڈور اندرونی دروازوں کے لیے بہت مشہور ہیں اور یہ عام دروازوں کے مقابلے میں تھوڑے مہنگے بھی ہوتے ہیں۔یہ حقیقت ہے کہ مہنگے ہونے کے باوجود فرنچ ڈور بہت پر یکٹیکل ہوتے ہیں اور اگر آپ کی جیب اجازت دے تو یہ بہترین آپشن بھی ثابت ہوتے ہیں،جس سے آپ کے گھر کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔

بارن ڈور

یہ دروازہ بھی دیگر دروازوں سے مختلف ہے ۔شاید آپ سمجھتے ہوں کہ بارن ڈور باہر لگانے والا دروازہ ہے لیکن اگر آپ اندرونی دروازوں کے ڈیزائن یا ٹرینڈز پر غور کریں تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ بارن ڈور گھر کے اندر استعمال ہونے والے دروازوں میں بہت مقبول ہیں ۔اگر آپ اپنے گھرمیں کنٹری اسٹائل ڈیکور اپنانا چاہتی ہیں تو بارن ڈور اس کے لیے بہترین اضافہ ہو گا۔بہت سے لوگ اس دروازے کو اپنے ماسٹر بیڈ روم کے لیے منتخب کرتے ہیں۔

اگر آپ اپنے گھر کے نقشے کو غیر معمولی اور مختلف ظاہر کرنا چاہتے ہیں تو اس قسم کے دروازے آپ کی خواہش پوری کر سکتے ہیں ۔اس کی تنصیب ،روایتی دروازوں سے مختلف ہوتی ہے، کیونکہ یہ اپنے فریم میں لٹکے ہوتے ہیں اور عام دروازوں سے قدرے بڑے ہوتے ہیں ۔آپ عموماً انہیں بڑی اینٹر ینس میں دیکھتی ہیں، تاہم اپنی مرضی سے آپ اسے بیڈ روم یا لیونگ روم میں بھی لگا سکتی ہیں۔

کولونیل ڈور

اگر آپ کو نقش ونگار یا کاشی کاری والا دروازہ لگوانا ہے تو کولونیکل ڈور اس کے لیے بہترین آپشن ہے ۔یہ دروازہ سجاوٹی نقطہ نگاہ سے بہتر بھی ہے اور پر یکٹیکل بھی ۔ان دروازوں کا ڈیزائن دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیتا ہے، کیوں کہ ان کی دلکشی سے کوئی منہ نہیں موڑ سکتایہ دروازہ آپ کے کمرے کی شان بڑھاتا ہے اور پورے گھر کی خوب صورتی میں اضافہ بھی کرتا ہے ۔