اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی ، ریاض چوہدری

January 06, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء ریاض چوہدری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے ان کی مشکلات حل اولین ترجیع ہونا چاہیے لیکن افسوس وعدے کر کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا جاتا ہے اور سنجیدگی کا اظہار نہیں کیا جاتا ،جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ اوورسیز کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی۔ جنگ سے خصوصی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان بچانے کے لئے نالائق نااہل اور جھوٹے ٹولے سے نجات ضروری ہے،کابینہ کے ارکان کی بیرون ملک قومی اثاثوں پر بْری نظر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزراء میں دوڑ لگی ہوئی ہے کہ کون کس قومی اثاثے پر ہاتھ صاف کرے بجلی، گیس اور عوام کے استعمال کی عام چیزوں کی قیمتیں تاریخ میں مہنگی ترین ہوچکی ہیں۔ عمران نیازی سیاست کا ڈبل شاہ ثابت ہوا، قوم کو خواب دکھا کر لوٹ لیاگیا،عمران نیازی کے اپنے بھانجے کی بات آئی تو طاقتور اور کمزور کے لئے قانون بدل گئے،نالائق ٹولے سے حکومت نہیں چل رہی، صرف زبان چل رہی ہے اور جھوٹ اگل رہی ہے۔

انہوں نے کہا نا لائق ٹولے نے مجرمانہ نااہلی سے ملک کو خانہ جنگی کے دھانے پر پہنچادیا ہے،موجودہ نظام یوں ہی جاری رہا تو خدانخواستہ کوئی اور بڑا حادثہ بھی ہوسکتا ہے،روٹی، روزگار، کاروبار بند ہے، تعلیم، اسپتال، دکان، فیکٹری، صنعت بند ہے۔

ریاض چوہدری نے کہا کہ جھوٹے، نالائق، نااہل اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے،جلد کچھ نہ کیاگیا تو خدانخواستہ ناقابل تلافی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے ۔انھوں نے کہا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف زرداری کی سیاسی و قومی خدمات نے ہی ملک کو استحکام بخشا اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا تھا۔

آپ کی ضمانت عدالت نے کی جس میں حکومت کا نہ تو کوئی کردار ہے اور نہ حکومت سے کسی قسم کی درخواست کی گئی تھی صدر زرداری پاکستان کے نڈر لیڈر اور مخلص شخصیت ہیں جو کبھی جھک نہیں سکتے اور نہ ہی مفادات کی سیاست کرتے ہیں، پاکستان کو بیرونی دنیا میں تماشا بنایا جا رہا ہے ملک میں لاقانونیت کا راج ہے ہسپتال ، انصاف اورتعلیمی ادارے بھی محفوظ نہیں ایسا محسوس ہوتا ہے حکومت نام کی کوئی چیز نہیں لاہور اور اسلام آباد سانحات نے عوام کو پریشان کردیا ہے۔ ریاض چوہدری نے کہا کہ وہ لندن نجی دورہ پر آئے ہیں۔

آئندہ چند روز قیام کے بعد سندھ جا کر سابق صدر زرداری کی عیادت کریں گے سابق صدر صحت یابی کے بعد ملکی سیاست میں بھرپور حصہ لیں گے انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاست نے نوجوانوں کو ایک نئی سوچ دی ہے ہمارا نوجوان طبقہ پہلے سے زیادہ متحرک ہوا ہے جو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھتا دیکھ رہے ہیں انھوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پی پی پی کی حکومت آئےگی اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔