محکمہ سوئی سدرن گیس کے نام....

January 19, 2020

ہم بن قاسم ٹاؤن کی یونین کاؤنسل ،چشمہ گوٹھ، ضلع ملیر کے علاقے حسن گوٹھ کے رہائشی ہیں،جہاں پھیلی تین ایکڑ زمین میں سوئی گیس کی سہولت سِرے سے میسّر ہی نہیں۔ ہم مینیجنگ ڈائریکٹر ، سوئی سدرن گیس کمپنی، کراچی ،چیف جنرل مینیجر پلاننگ، سیلز مینیجراورچیف انجینئر ڈسٹری بیوشن ڈیپارٹمنٹ کے گوش گزار کرنا چاہتے ہیں کہ یہ آبادی باقاعدہ پلاننگ کے تحت قائم ہوئی ہے، جس میں تقریباً 600 پلاٹس ہیں۔ محکمۂ سوئی گیس ،کراچی کا ادارہ، اگر یہاں کے گوٹھ ،آباد اسکیم کے رہائشیوں کو سوئی گیس کی سہولت فراہم کرنے کے لیےپائپ لائن بچھا دے، تو ہم ضرورت مندوں پر ، محکمے کی یہ بڑی کرم نوازی ہوگی۔

ہم سنڈے میگزین ،روزنامہ جنگ ،کراچی کے توسّط سے مینیجنگ ڈائریکٹر، سوئی گیس، کراچی کی توجّہ اس جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں کہ ہم نے گیس پائپ لائن بچھانے کے حوالے سے سوئی گیس کے حکاّمِ بالا کے نام ایک درخواست ایم ڈی ،سوئی سدرن گیس کمپنی ، کراچی کے استقبالیہ (reception) پر جمع کروائی تھی، مگر تاحال محکمے کی جانب سے اس پر کوئی سروے، کوئی رابطہ یا عمل در آمد نہیں ہوا۔ گیس نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے کھانا پکانادشوار ہوجاتا ہے۔

ویسے تو دنیا چاند تک پہنچ چکی ہے،ہر روز نت نئی دریافتیں ہو رہی ہیں، خلاء میں انسانی زندگی کی آباد کاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، تجربے ہو رہے ہیں، پر ہم ، جو ایٹمی طاقت ہیں، حکمران مُلک کو بامِ عروج پر پہنچانے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے، ہم لوگ آج بھی سوئی گیس جیسی بنیادی سہولت ہی سے محروم ہیں۔ ہمارے علاقےسے ایک میل سے بھی کم فاصلے پرگیس پائپ لائن گزر رہی ہے، پر ہمیں فراہم نہیں کی جارہی۔

علاقہ مکین کئی مرتبہ محکمے میں درخواست جمع کرواچُکے ہیں، مگر نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات۔تقریباً 4،5 ماہ پہلے ہمارے علاقے میں گیس پائپ لائن بچھانے کے حوالے سےمتعلقہ حکّام کی جانب سے دَورہ تو کیا گیا تھا۔ تاہم، اب تک اس کے کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آسکے ۔ہم اُمّید کرتے ہیں کہ بہت جلد متعلقہ حکّام ہمارے مسئلے کے حل کی کوشش کریں گے۔

غلام مرتضیٰ اور اہلیانِ علاقہ