مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر کام جاری ہے:اختر ملک

January 22, 2020

ملتان( سٹاف رپورٹر) محکمہ توانائی پنجاب نے اپنی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے محکمے کے حاصل کئے گئے اہم اہداف بیان کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ توانائی ہیڈ مرالہ کے مقام پر ساڑھے 7 میگاواٹ کا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مکمل کر چکا ہے جو کہ کامیابی کے ساتھ فعال ہے اور بجلی کی پیداوار مہیا کر رہا ہے،اسی طرح پنجاب سولرائزیشن پروگرام پر ہنگامی بنیادوں کام جاری ہے اور پنجاب پاور جنریشن پالیسی بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،ڈاکٹر اختر ملک نے بتایا کہ محکمہ گھریلو، کمرشل اور صنعتی کنکشنز کے حوالے سے بجلی چوری کی روک تھام کے لئے بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے،پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ صوبہ کے دور دراز علاقوں میں سکولوں کو شمسی توانائی سے منسلک کرنے کا منصوبہ تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہے، دیہاتوں میں بائیو گیس کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے پراجیکٹس لگائے جارہے ہیں،ساہیوال میں ٹیکنیکل ٹریننگ سکول کے تکمیل محکمہ کی کامیابی کی ایک اوربہترین مثال ہے،اس ٹریننگ سکول میں درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ توانائی پنجاب نے ایک سال کے عرصے میں زبردست کامیابیاں سمیٹی ہیں،انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی ان کی منزل ہے۔