عالمگیر شیخ کے لئے اعزاز

February 25, 2020

پاکستان بلیئرڈ اینں اسنوکر ایسو سی ایشن کے سابق صدر اور موجودہ کوچیئرمین عالمگیر شیخ ایشین اسنوکر کنفیڈریشن آف بلیئرڈ اسپورٹس (اے سی بی ایس) کے بلامقابلہ سینئر نائب صدر منتخب ہوگئے۔ چار سالہ مدت 2020-2024 کیلئے ایشین باڈی کے انتخابات29 مارچ کو قطر کے شہر دوحا میں ہونا تھے لیکن مخالف امیدواروں کی جانب سے کاغدات نامزدگی جمع نہ کرانے پر چاروں مرکزی عہدیدار صدر، سینئر نائب صدر، جنرل سیکرٹری اور خازن بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ پاکستان کے عالمگیر شیخ کے علاوہ صدر کے عہدے پر قطر کے محمد سالم النومی، جنرل سیکرٹری کیلئے شام کے میخائل الخورے اور خازن کیلئے ہانگ کانگ کے جوزف لو بلامقابلہ منتخب ہونے والوں شامل ہیں۔

یہ دوسرا موقع ہے جب عالمگیر شیخ بلامقابلہ سینئر نائب صدر منتخب ہوئے۔ اے سی بی ایس کے سیکرٹری جنرل کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تک مرکزی عہدوں کیلئے چار افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے چونکہ ان کے خلاف کسی دوسرے نے کاغذات جمع نہیں کرائے اس لئے چاروں عہدیداروں کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا جاتا ہے۔ بلاشبہ ایشین اسنوکر میں یہ پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کی بڑی کامیابی ہے۔ ایشین اسنوکر کے42 ممالک رکن ہیں جس میں پاکستان کو سینئر نائب صدر کا کلیدی عہدہ حاصل ہے۔ اس سے قبل علی اصغر ولیکا جو اس وقت پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کے چیئرمین ہیں۔ ایشیا کے صدر اور کئی بار سینئر نائب صدر رہ چکے ہیں۔

جنگ سے باتیں کرتے ہوئے عالمگیر شیخ نے بتایا کہ مسلسل دوسری بار بلامقابلہ سینئر نائب صدر منتخب ہونے پر خوش ہوں۔ ایشین اسنوکر نے اس سے پہلے بھی اعتماد کیا تھا اور ایک بار پھر مجھے اس عہدے کیلئے بلامقابلہ منتخب کیا یہ ان کا مجھ پر اعتماد ہے۔ میری کوشش ہوگی کہ پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ انٹریشنل ایونٹس حاصل کروں۔ اس حوالے سے غیرملکی اسپانسر سے بھی بات ہوئی ہے کہ وہ پاکستان آئیں اور ہمارے ملک میں انٹرنیشنل ایونٹس کو اسپانسر کریں۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی عالمی سطح پر بہت عمدہ ہے اس میں مزید تسلسل لانے کیلئے کوشش کروں گا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف ممالک میں قائم اسنوکر اکیڈمیز میں ٹریننگ دلوا کر ان کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جائے یہ سب سے اولین کام ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی اسنوکر میں ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے تین بار ورلڈ کپ جیتا، ایشین اسنوکر چیمپئن شپ، ٹیم ایونٹ اور تمام انٹرنیشنل ایونٹس جیتے ہوئے ہیں۔ ورلڈ اسنوکر رینکنگ سسٹم بھی لارہی ہے جس میں اسنوکر کھیلنے والے دنیا کے تمام ممالک کو شامل کیا جائے گا۔ میں پورے دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ کامیابی کیلئے لحاظ سے عالمی رینکنگ میں پاکستان کا نام سب سے ٹاپ پر ہوگا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد آصف اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا کھلاڑی ہے جس نے دو بار عالمی کپ جیت کر پاکستان کی نئی تاریخ رقم کی ہے، ایشین چیمپئن شپ، ٹیم ایونٹ اور بے تحاشہ انٹرنیشنل مقابلوں میں فتح حاصل کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا لیکن اپنے ملک میں حکومت کی جانب سے کارکردگی کو سراہے نہ جانے پر بددل ہے اور عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی نہ کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔ اتنے بڑے کھلاڑی کے ساتھ حکومتی رویہ سمجھ سے بالا تر ہے۔

محمد آصف کے کروڑں روپے اسپورٹس پالیسی کے تحت حکومت کو دینے ہیں لیکن ہر بار پیسوں کی ادائیگی کا کہہ پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن اور محمد آصف کو ٹہلا دیا جاتا ہے۔ آصف نے بھی جوبلی انشورنس ایونٹ کے دوران اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ انعامی رقم نہ ملنے کے باعث شدید مایوس ہے اور اگر حکومتی اداروں کا یہی رویہ رہا تو شاید مجھے مستقبل میں کوئی بڑا فیصلہ کرنا پڑے، ہوسکتا ہے کہ عالمی مقابلوں میں پاکستان کیلئے اسنوکر کھیلنا ہی چھوڑ دوں اور اسنوکر کو صرف اپنی ذات تک محدود کردوں گا۔