پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آگئے

February 26, 2020

پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آگئے

پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک ساتھ دو کیس سامنے آگئے ہیں۔ وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ اشخاص کراچی اور اسلام آباد کے اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ایک شخص کراچی کے آغاخان اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ دوسرا شخص اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز یا پمز اسپتال میں زیر علاج ہے۔

یہ بھی پڑھیے: چین:کورونا وائرس نے مزید52 افراد کی جان لے لی

وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے اور اسلام آباد کے رہائشی شخص نے گزشتہ ہفتے ایران کا سفر کیا تھا واپسی پر اس کی طبیعت بگڑنے پر اسے پمز اسپتال لایا گیا جہاں پر کورونا وائرس کی تصدیق کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: ’’متاثرہ شخص کے ساتھ سفر کرنے والوں کی تلاش جاری ہے‘‘

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کا رہائشی 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے۔

سندھ حکومت کی رپورٹ کا عکس


محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر نوجوان کا نام یحییٰ جعفری ہے جوکہ ایران سے بذریعہ ہوائی جہاز واپس کراچی پہنچا تھا اور اسے طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: ایران، افغانستان کے ساتھ بارڈر پر خصوصی اقدامات

ترجمان کے مطابق متاثرہ نوجوان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پوزیٹیو آیا ہے جس کے بعد اسپتال کے حکام نے محکمہ صحت سندھ اور دیگر قومی اداروں کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر نوجوان کو آغاخان اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں پر اس کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک کے کئی علاقوں سے کورونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ مریضوں کے سیمپل قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجے گئے ہیں جن میں سے چار سے پانچ ہاٹ کیس ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ’’ایران میں 6 ہزار سے زائد پاکستانی ہیں‘‘

پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ پاکستان میں اس وقت متعدی امراض سے بچاؤ کے لئے مخصوص پرسنل پروٹیکٹیو ایکوئپمنٹ بشمول ماسکس اور دیگر اشیاء کی شدید قلت ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائر سے چین میں مزید 52 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ جس کےبعد ہلاک افراد کی تعداد 2715 ہو گئی ہے، چین کےبعد وائرس سےسب سےزیادہ ہلاکتیں ایران میں ہوئی ہیں جہاں مرنےوالوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔