فنکاروں اور کھلاڑیوں سے سجی رنگارنگ تقریب

March 01, 2020

فنکاروں اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک رنگا رنگ تقریب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سجائی گئی جس میں موسیقی کے رنگ بھی بکھیرے گئے اور کرکٹ اور فنکاروں کے تعلقات پر بات چیت بھی ہوئی۔

تقریب کی مہمان خصوصی اسلام آباد سے خصوصی طور پر آئیں ہوئی پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید تھیں جب کہ عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اور سابق کپتان ظہیر عباس کرکٹر صادق محمد، برطانیہ میں مقیم نامور اسپورٹس جرنلسٹ قمر احمد معروف شاعر ایوب اولیاء، پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر ، ماہر تعلیم پروفیسر ظفر، موسیقی کی دنیا میں انسائیکلوپیڈیا کا درجہ رکھنے والے سلطان ارشد اور دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پروفیسر ظفر نے پاکستانی کلاسیکی موسیقی اور مغربی اوپیرا موسیقی پر گفتگو کی، عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ سائرہ پیٹر نے بر صغیر کے ممتاز شعرا کی غزلیں اور شاہ عبداللطیف بھٹائی اور بھلے شاہ کا صوفیانہ کلام اپنی مدھر آواز میں پیش کرکے خوب داد وصول کی۔

ڈاکٹر فوزیہ سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سائرہ پیٹر ایک ورسٹائل گلوکارہ ہیں، ان کی آواز میں ایک جادو ہے، جو سننے والوں کو اپنے سحر میں لے لیتا ہے۔

کرکٹر ظہیر عباس نے کہا کہ آج کی محفل میں سائرہ پیٹر کی اواز سن کر دل خوش ہو گیا، فنکاروں اور کرکٹر کا بہت پرانا ساتھ ہے، آپس میں رشتے داریاں ہیں، اس طرح کی محبتیں اور چاہتیں لٹاتی تقاریب کا انعقاد خوش آیند ہے۔

سلطان ارشد نے کیا کہ سائرہ پیٹر کی گائیکی کا رنگ سب سے مختلف ہے، تقریب کا انعقاد سائرہ آرٹ اکیڈمی کی جانب سے کیا گیا جبکہ تمام مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔