تیرہ لاکھ سے زائد پنشنرز کو دہلیز پر پنشن دی جارہی ہے،عبدالرزاق

March 26, 2020

اسلام آباد(وقائع نگار ) پوسٹ ماسٹر جنرل شمالی پنجاب عبدالرزاق نے کہا ہے کہ پا کستان پوسٹ نے تقریباً تیرہ لاکھ سے زائدملٹری پنشنرزاور فیملی پنشنرز کو پنشن اپنے آپریشنل عملہ کے ذریعے گھروں کی دہلیز پر ادائیگی کا کام شروع کر دیاہے جسے مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائیگا،محکمہ ڈاک کی تمام دیگر تمام سروسز بھی حسب معمول جاری ہیں،عملہ اپنی حفاظت بارے حکومتی اور محکمانہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرے،بین الاقوامی ترسیلات زر کی ادائیگیوں میں اضافہ کے پیش نظر خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں،وہ راولپنڈی جی پی او کے دورہ کے موقع پر کورونا وائرس کی صورتحال میں سروسز کی فراہمی ،ملازمین اور صارفین کیلئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعدگفتگو کر رہے تھے،اس موقع پر چیف پوسٹ ماسٹر اظہر اقبال نے آپریشنل انتظامات بارے بریفنگ دی، عبدالرزاق نے کہا کہ سرکل سمیت ملک بھر میں پنشن ادائیگی کیلئے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے فرائض سنبھال کر دور دراز علاقوں دیہات اور قصبات میں گھر گھر پہنچ کرادائیگیاں کیں،اس اقدام کو عوامی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان پوسٹ کے ذریعے ویسٹرن یونین اور دیگربین الاقوامی ترسیلات زر کی ادائیگیوں کا رش بڑھ گیا ہے اسلئے اس امر کا خیال رکھا جائے کہ رش کی صورت میں کسی کاؤنٹر پر قطار نہ بنے اورصارفین کو تمام حفاظتی قواعد کے مطابق نشستوں پر بٹھایا جائے۔