عمیر ثناء فاؤنڈیشن اور پیما کا عباسی شہید ہسپتال کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی کٹس کا عطیہ

April 09, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عمیرثناء فائونڈیشن اورپاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے تحت عباسی شہید ہسپتال کوڈاکٹروں اور عملے کے لیے کورونا وائرس سے بچائو کی150 حفاظتی کٹس فراہم کی گئیں۔عمیر ثنا ء فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کٹس عباسی شہید ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرندیم راجپوت کے حوالے کیں۔اس موقع پرکے ایم سی کی سینیئر ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹرسلمیٰ کوثر،عباسی ہسپتال پروفیسرآف میڈیسن ڈاکٹر قیصر جمال اوردیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرثاقب انصاری نے کہاکہ ڈاکٹرز اور ہسپتال میں کام کرنے والا دیگرعملے کو کوروناوائرس سے متاثرہونے کاشدید خطرہ موجود ہے،اس حوالے سے ضروری ہے کہ ان کو تمام درکارحفاظتی لوازمات فراہم کیے جائیں،عمیر ثناء فائونڈیشن اور پیما نے اس ضرورت کااحساس کرتے ہوئے عباسی شہید ہسپتال کے عملے کے لیے کٹس فراہم کیں۔ڈاکٹرسلمیٰ کوثر نے کٹس فراہم کرنے پر عمیر ثناء فائونڈیشن اور پیماکا شکریہ اداکیا ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس سے بچائو کی حفاظتی کٹس عباسی شہید ہسپتال کے ڈاکٹرز کا دیرینہ اور بالکل جائز مطالبہ تھا،ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ عباسی شہید ہسپتال کے سو فیصد عملے کو کورونا وائرس سے بچائو کی کٹس فراہم کریں۔