ٹڈی دل کا معاملہ سنگین،حکومتی اقدامات دعوئوں تک محدود ہیں، بی این پی

May 29, 2020

کوئٹہ( آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کا معاملہ ملک بھر میں دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے، ایک طرف کورونا تو دوسری جانب ٹڈی دل کا حملہ سنگین صورتحال میں حکومتی اقدامات محض دعووں کے حد تک محدود ہیں، حکمران جماعت اور انکے اتحادی کورونا اور ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں اربوں روپے کرپشن اور کمیشن ہڑپ کرنے کے باوجود انکا پیٹ نہیں بھرا، بلوچستان کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، راتوں رات بلوچستان کے عوام کے نام پر بننے والی جماعت نے بلوچستانی عوام کے استحصال میں کسی قسم کی کثر نہیں چھوڑی، اقوام متحدہ کے مطابق اگر ٹڈی دل کو کنٹرول نہ کیا گیا تو قحط کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور بلوچستان پہلے سے غربت افلاس اور بیروزگاری کا شکارہے۔ ٹڈی دل ابتدائی طور پر دسمبر جنوری میں بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوئی اور پھر سندھ جنوبی پنجاب سے ہوتی پورے ملک کے صحرائی علاقوں میں پھیل گئی۔سردیوں میں اسے ختم کرنا بہت آسان تھا لیکن حکومتی غفلت کی وجہ سے اس پر توجہ نہ دی گئی اور نہ سپرے کا کوئی انتظام کیا گیا جو فنڈز آئے خورد برد کر دئیے گئے۔ ٹڈی دل کی سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ یہ بہت جلدی اپنی نسل بڑھاتی ہے چند ہزار سے لاکھوں اور لاکھوں سے کروڑوں اربوں میں تبدیل ہونے کے لیے اسے صرف چند ہفتے درکار ہوتے ہیں۔ ٹڈی دل کا پھیلاوبہت زیادہ ہو چکا ہے اور سرکاری ٹیمیں ہر جگہ بروقت نہیں پہنچ سکتیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر اب بھی حکومت نے سنجیدگی سے کام نہ لیا تو اسکے نہایت ہی بھیانک نتائج نکلیں گے اور کی اسکی تمام ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔