جامع مسجد دہلی و دیگر کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھول دیا گیا

July 06, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بھارتی دارالحکومت میں دو اہم ترین مساجد جامع مسجد دہلی اور جامع مسجد فتح پوری کو کورونا احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایات کے ساتھ کھول دیا گیا۔عبادت گاہوں کے کھولنے کے تین دن بعد جامع مسجد کو کورونا کے پیش نظر دوبارہ بند کردیا گیا تھا، جامع مسجد دہلی کو تین ہفتوں کے بعد کھولا گیا ہے۔ بھارت سے آمدہ تفصیلات کے مطابق دہلی کی تاریخی جامع مسجد کو ہفتہ سے نمازیوں کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ 8 جون کو ملک بھر میں عبادت گاہوں کے کھولنے کے تین دن بعد11 جون کو جامع مسجد کو کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر دوبارہ بند کردیا گیا تھا۔ جبکہ بھارتی حکومت کی لاک ڈائون بتدریج کھولنے کی پالیسی کے تحت 4 جولائی سے مسجد کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ شاہی امام سید احمد بخاری نے نمازیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں۔ 11 جون کو مسجد کو بند کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا تھا‘ جب دہلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا تھا۔ اس وقت 90,000 سے زیادہ کورونا کے کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ شہر کی ایک اور مشہور فتح پوری مسجد بھی تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ دوبارہ کھول دی جائے گی۔ اسی دوران فتح پوری مسجد کے امام مفتی مکرم احمد نے کہا کہ مسجد اب نمازیوں کیلئے کھول دی گئی ہے لیکن ہمیں اس بات کو ذہن نشین کرنا ہے کہ کورونا وائرس کا اثر اب بھی موجود ہے اور اس سے بچنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کرنا ضروری ہے۔