عمران عباس کا مداحوں کو ہر حال میں اللہ کا شکرگزار رہنے کا مشورہ

July 07, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس نے ہر حال میں شکرگزار رہنے کا مشورہ دے دیا۔اداکار عمران عباس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک معنی خیز پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں 2020 میں پیش آنے والے حادثات اور شرح اموات کو یاد کر کے خدا کے ناشکری کرنے کے بجائے اللہ کی عطا کردہ نعمتوں پر شکرگزار رہنا چاہئے۔عمران عباس نے سوالیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ کیا ہم نے ہر لمحہ ہونے والی رحمتوں کی برسات کا شکر ادا کیا ہے؟انہوں نے کہا کہ کیا جو ہمارے پاس موجود ہے اس کا شکر ادا کیا ہے؟اداکار نے مزید کہا کہ کیا جو ہمارے اعمال ہیں اس کے بدلے کیا ہمیں کچھ ملنا بھی چاہئے؟عمران عباس نے لکھا کہ ہمیں ان تمام نعمتوں اور برکتوں کا اندازہ اس وقت ہوتا ہے جب وہ ہم سے لے لی جاتی ہیں، انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ہمیشہ اللہ کے شکرگزار رہیں اور اس کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے لکھا کہ زندگی خوبصورت چیز ہے، اُسکی رحم دلی اور مہربانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔اپنے اس پیغام کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ ہر وقت الحمداللہ کہتے رہا کریں تاکہ اس کی رحمتوں کے سائے میں رہیں۔واضح رہے اداکار عمران عباس نے کہا کہ اللہ کے پاس بندے کو دینے کیلئے نعمتوں کی کمی نہیں۔