چاکلیٹ.... ہر عمر کے افراد کی پسندیدہ

July 18, 2020

بچے ہوں یا بڑے سبھی چاکلیٹ خوب شوق سے کھاتے ہیں۔ میٹھی چیزوں میں سب سے زیاد ہ مقبول چاکلیٹ کتھئی اور سفید رنگوں میں دستیاب ہوتی ہے۔ یہ ایک لذیذ اور آسان غذا کے طور پر جانی جاتی ہے۔ چاکلیٹ ذہنی دباؤ سے نجات دلاتی ہے اور انسانی موڈ پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ سائنسی تحقیقات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ یہ طبی حوالوں سے بھی انتہائی مفید ہے بالخصوص ناشتے میں چاکلیٹ کھانے والے افراد دن بھر چاک و چوبند رہتے ہیں۔ ڈارک چاکلیٹ جسم کو نقصان پہنچانے والے کولیسٹرول میں کمی کر کے مفید کولیسٹرول کو بڑھاتی ہےاور بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں بھی مددگار ہے ۔

براؤن چاکلیٹ دماغ میں سیروٹونین نامی مادہ پیدا کرتی ہے جس سے ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے۔ چاکلیٹ ہمارے جسم کی بے چینی اور ذہنی تناؤ میں بھی70فیصد تک کمی کرسکتی ہے۔یہ جسم میں موجود پولی فینول کو بھی بڑھاتی ہے جس سے خون میں آکسیجن کی روانی بہتر ہوتی ہے۔ اسے ان گنت میٹھے پکوانوں میں استعمال کیا جاتا ہے جیسے کہ چاکلیٹ کیک، آئسکریم، براؤنی،موز، پڈنگ اور مختلف چاکلیٹ شیکس وغیرہ۔ چاکلیٹ سے بنی چند ڈشز کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

ہوم میڈ چاکلیٹ

درکار اجزاء:

بسکٹ کرمبز۔ دو کپ

مکھن ۔ آدھا کپ

کیریمل مکسچر کے لیے:

کنڈینسڈ ملک ۔ایک ٹِن

بران شوگر۔ تین چوتھائی کپ

مکھن۔ ایک سو گرام

گولڈن سیرپ۔ دو کھانے کے چمچ

چاکلیٹ لئیر کے لیے:

چاکلیٹ۔ ایک کپ (کدوکش کی ہوئی)

کریم ۔آدھا کپ

ترکیب:

پہلے ایک پیالے میں بسکٹ کرمبز میں مکھن کو ڈال کر اچھی طرح مکس لیں۔ پھر اس کو گریس مولڈ میں ڈال کر اچھی طرح پریس کرکے دس منٹ کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ اب کیریمل مکسچر کے لیے ایک پین میں کنڈینسڈ ملک، بران شوگر، مکھن اور گولڈن سیرپ ڈال کر ہلکی آنچ پر اتنا پکائیں کہ رنگ تبدیل ہو جائے۔ پھر اس کو بسکٹ لیئر پر ڈال دیں اور پھر اس کو ایک گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔

چاکلیٹ لیئر کے لیےایک پین میں چاکلیٹ اور کریم ڈال کر پکالیں اور چمچ چلاتے رہیں۔اب بسکٹ اور کیریمل کی لیئر کے اوپر چاکلیٹ کی لیئر ڈال دیں اور تھوڑی دیر کے لیے اس کو باہر ہی رہنے دیں۔ پھر اس کو تیس سے چالیس منٹ تک فریج میں رکھ دیں۔ اس کے پیس بناکر پیش کریں۔

چاکلیٹ سوفلے

درکار اجزاء:

انڈے۔ چار عدد

چینی ۔چھ اونس

کوکو پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

دودھ۔ ایک کپ

جیلیٹن پاؤڈر۔ دو کھانے کے چمچ

پانی۔ حسبِ ضرورت

ونیلا ایسنس ۔آدھا چائے کا چمچ

کریم ۔آٹھ اونس

ترکیب:

سب سے پہلے انڈوں کی سفیدی اور زردی کو الگ کرلیں۔ اب ایک پین میں انڈوں کی زردی، تین اونس چینی، کوکو پاؤڈر اور دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ مسلسل چمچ چلاتے رہیں کہ آمیزہ گاڑھا ہو جائے تو پین کو چولہے سے ہٹا لیں۔ پھر جیلیٹن پاؤڈر کو ایک چوتھائی کپ پانی میں کچھ دیر بھگو کر پین میں شامل کردیں۔ ساتھ ہی ونیلا ایسنس ڈال کر مکس کریں۔ اب انڈوں کی سفیدی کو تین اونس چینی کے ساتھ اچھی طرح بیٹ کریں۔ ساتھ ہی تازہ کریم بھی شامل کرکے فولڈ کرلیں۔ اس آمیزے کو مولڈ میں ڈال کر دو گھنٹے کےلئے فریز کردیں۔ جم جائے تو سرونگ پلیٹ میں نکال کر فریش کریم سے سجائیں اور پیش کریں۔

بلیک فورسٹ آئسکریم رولز

درکار اجزاء:

انڈے۔ چار عدد

کاسٹر شوگر۔ چار اونس

ونیلا ایسنس ۔ایک چائے کا چمچ

میدہ۔ تین اونس

کوکو پاؤڈر۔ ایک اونس

چینی۔ حسبِ ضرورت (پسی ہوئی)

آئس کریم۔ حسبِ ضرورت

تازہ کریم ۔آٹھ اونس

چاکلیٹ سیرپ۔ آدھا کپ

چیریز۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

ایک پیالے میں انڈے اور کاسٹر شوگر کو اچھی طرح پھینٹ لیں، یہاں تک کہ وہ لائٹ اور فلفی ہو جائیں۔ اب اس میں ونیلا ایسنس ڈال کر تھوڑا سا مکس کریں۔ دوسری جانب میدہ اور کوکو پاؤڈر کو چھان لیں۔ اب اسے انڈوں کے آمیزے میں ڈال کر آہستہ آہستہ فولڈ کریں۔ اب ایک سوئس رول ٹرے کو گریس کرکے بٹر پیپر لگائیں اور تیار بیٹر ڈال کر اوون کو 200 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم اور اسے دس منٹ بیک کریں۔ اب اسے اوون سے نکال کر ایک کپڑے پر پسی چینی چھڑک کر رول کریں۔ پھر رول کو کھول کر آئس کریم لگائیں اور ایک بار پھر سے رول کرلیں۔ آخر میں اسے تازہ کریم، چاکلیٹ سیرپ اور چیریز سے سجا کر فریز کردیں۔

چاکلیٹ آئس کریم سینڈوچ

درکار اجزاء:

آٹا۔ دو کپ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

چینی۔ ایک کپ

ویجی ٹیبل آئل۔ 1/3کپ

دودھ۔ 3/4کپ

بیکنگ سوڈا۔ ایک چائے کا چمچ

کوکو پاؤڈر۔1 کپ

انڈہ۔ ایک عدد

ونیلا ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

ونیلا آئس کریم یا چاکلیٹ آئس کریم۔1 لیٹر

ترکیب:

کھڑے کناروں کی15چکنی بیکنگ شیٹس پر مومی کاغذ کی لائن لگا ئیں اور ایک طرف رکھ دیں۔ اب 200ڈگری پر اوون گرم کر یں۔ پھر ایک بڑے پیالے میں آٹا، بیکنگ سوڈا، نمک ، کوکو پاؤڈر اور چینی ملائیں۔ درمیان میں ایک سوراخ سا بنائیں۔ انڈہ، تیل، ونیلا ایسنس اور دودھ شامل کر دیں۔ اب اتنا پھینٹیں کہ وہ نرم ہو جائے۔ اب پہلے سے تیار شدہ پین میں پھیلا دیں اور اوون میں 12منٹ پکائیں۔ پھر ٹھنڈا کر یں اور ایک ہموار سطح پر پین سے نکال کر لگا دیں۔ مومی کاغذ بھی نکال دیں۔

لمبائی میں تین برابر کے سلائس کاٹیں اور پھر کر اس کی شکل میں برابر کی پانچ قطاروں میں کاٹیں۔ اس طرح انفرادی طور پر پندرہ کیک بن جائیں گے۔ ہر انفرادی کیک کو آدھی عمودی شکل میں کاٹیں اور ایک طرف رکھ دیں۔ کٹنگ بورڈپر آئس کریم کی چوڑی سمت نیچے کی طرف رکھیں۔ کراس کی شکل میں تین ٹکڑوں میں کاٹیں۔ ہر آئس کریم سلائس آدھے عمودی کٹے ہرانفرادی کیک میں لگا دیں۔ ہرسینڈوچ چھوٹے پلاسٹک بیگ میں رکھ دیں یا کپڑے میں لپیٹیں اور فریزر میں رکھ دیں۔اور پھراتنا فریز کر یں کہ وہ پختہ ہوجائے۔

بیکڈ چاکلیٹ فج ودکریم

درکار اجزاء:

تیل۔ ساٹھ ملی لیٹر

چینی(پسی ہوئی)۔ 175 گرام

میدہ (آٹا)۔ 75 گرام

انڈے ۔دو عدد

کوکو پاؤڈر۔ 50 گرام

بیکنگ پاؤڈر ۔چائے کا ایک چمچ

نمک۔ چائے کا ایک چوتھائی چمچ

گاڑھی کریم ۔ڈیڑھ پیالی

ونیلا ایسنس۔ چائے کا ایک چمچ

اخروٹ اور کاجو ۔ساٹھ گرام

ترکیب:

ایک ٹرے میں معمولی مقدار میں تیل لگائیں اور آٹا چھڑکیں۔ اب تیل، چینی، انڈے اور ایسنس کو آپس میں ملا لیں۔ پھر میدے میں نمک، کو کو اور بیکنگ پاؤڈر کو ملائیں اور چھان لیں۔ اوون کو پہلے سے گرم کر لیں اور چھانے ہوئے اجزا ء کو انڈے کے مرکب میں شامل کر یں، آخر میںآدھا خشک میوہ شامل کر یں۔ اس مرکب کو ٹرے میں انڈیلیں اور اس کے اوپر خشک میوہ چھڑک دیں۔اس کو 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر پندرہ سے تیس منٹ بیک کریں۔ بیکڈ چاکلیٹ فج کو اوون سے نکال کر ٹھنڈا ہونے دیں۔ جب یہ ٹھنڈا ہو جائے تو چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور پھینٹی ہوئی کریم اور خشک میوے کے ساتھ پیش کریں۔

چاکلیٹ اورنج کپس

درکار اجزاء:

ڈارک چاکلیٹ ۔آٹھ اونس

کریم چیز۔ آٹھ اونس

چینی ۔آدھا کپ

اورنج ایسنس ۔آدھا چائے کا چمچ

اورنج زیسٹ ۔ایک عدد

کریم۔ ایک کپ

چاکلیٹ۔ گارنشنگ کیلئے(کدوکش کی ہوئی)

ترکیب:

ڈارک چاکلیٹ کو ڈبل بوائلر میں پگھلا کر ایک طرف رکھ دیں۔ اب ایک پیالے میں کریم چیز، پگھلی ہوئی چاکلیٹ، اورنج ایسنس، اورنج زیسٹ اور چینی ڈال کر مکس کریں، یہاںتک کہ فلفی ہوجائے۔ اب کریم کو آہستہ آہستہ ڈال کر فولڈ کرلیں۔ پھر مکسچر کو کپس میں ڈال کر فریج میں دو گھنٹے کے لیے ٹھنڈا کرلیں اور کدوکش چاکلیٹ سے گارنش کرکے پیش کریں۔

دیتھ بائے چاکلیٹ کیک

درکار اجزاء:

میدہ۔ ڈیڑھ کپ

بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

(میدے میں تمام اجزاء ملا کر چھان کر رکھ لیں)

چینی۔ ایک کپ

انڈے۔ دو عدد (پھینٹے ہوئے)

تیل۔ ایک کپ

میٹھا سوڈا۔ ایک چائے کا چمچ

کوکو پاؤڈر۔ ڈھائی کھانے کا چمچ

شیرہ۔ دو کھانے کے چمچ

فریش دودھ۔ ایک کپ

آئسنگ اور فلنگ کے لئے:

مکس فروٹ جام ۔چار کھانے کے چمچ

آئسنگ شوگر۔چار کھانے کے چمچ

پلین چاکلیٹ۔ ایک کپ

فریش کریم۔ ڈیڑھ کپ

ونیلا ایسنس۔ چار یا پانچ قطرے

ترکیب:

اوون کو 160 ڈگری پر گرم کرلیں۔ اب آٹھ انچ کے دو بیکنگ پین کو چکنا کرکے رکھ لیں۔ میدے میں چینی، شیرہ، انڈے اور دودھ ڈال کر بیٹر سے اچھی طرح کریمی ہونے تک بیٹ کریں۔ پھر آہستہ آہستہ تیل شامل کرکے بیٹر سے مکس کرلیں۔ یہ مکسچر دونوں پین میں برابر برابر ڈال کر اوون میں پچیس سے تیس منٹ تک بیک کریں یا گولڈن براؤن ہونے تک اوون سے نکال کر ٹھنڈا ہونے دیں۔

ٹھنڈے ہونے پر دونوں کیک پین میں نکال کر رکھ لیں۔ جام کو ہلکا سا گرم کرکے پھینٹ لیں۔ ایک کیک کی اوپر کی سطح پر جام لگائیں اور دوسرے کی نچلی سطح پرجام لگا دیں۔ ایک کھلے منہ کے برتن میں پانی گرم کر لیں اور اس پر ایک پین رکھ کر اس میں چاکلیٹ اور فریش کریم کو پگھلا لیں۔ ونیلا ایسنس اور آئسنگ شوگر ملا کر اس کو گاڑھا کرکے ٹھنڈا کر لیں۔

اس مکسچر کو دونوں کیکس پر جام کے اوپر اچھی طرح پھیلا کر لگا دیں۔ایک کیک کو سینڈوچ کی طرح ایک دوسرے کے اوپر رکھ دیں۔ یہ دھیان رہے کہ اوپر کی سطح والا جام کیک اوپر آئے۔ اب چاکلیٹ کے مکسچر کو کیک کے اوپر اور چاروں طرف اچھی طرح لگا کر چھری سے ہموار کرلیں۔ فریج میں ٹھنڈا کرکے مزیدار کیک پیش کریں۔

چاکلیٹ لاوا کیک

درکار اجزاء:

میدہ۔ ڈیڑھ کپ

دودھ۔ آدھا کپ

چینی۔ ڈیڑھ کپ (پسی ہوئی)

انڈے۔ چار عدد

بیکنگ پاؤڈر۔ دو چائے کے چمچ

ونیلا ایسنس۔ آدھا چائے کا چمچ

کوکو پاؤڈر۔ چار کھانے کے چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

کریم۔ ایک پیکٹ

مکھن۔ دو سو گرام

ڈارک چاکلیٹ۔ تین سو گرام (کدو کش)

ترکیب:

مکھن اور چینی کو پھینٹ لیں، جب یہ کریمی ہوجائے تو اس میں انڈے ملائیں اور مزید پھینٹ لیں۔ اب اس میں نمک، ونیلا ایسنس، میدہ، بیکنگ پاؤڈر اور کریم ڈال کر فولڈ کریں۔ اس آمیزے کو دو حصوں میں کرلیں، ایک حصے میں دودھ اور کوکو پاؤڈر مکس کرلیں۔مولڈ میں ڈونٹ کٹر رکھیں اور سائیڈز پر چاکلیٹ مکسچر ڈالیں، درمیان میں کدوکش کی ہوئی چاکلیٹ ڈالیں۔اور اس پر بغیر کوکو پاؤڈر والا مکسچر ڈال دیں۔اب ڈونٹ کٹر نکال لیں۔اسے اوون پروف مولڈ میں ڈال کر مائیکرو ویو اوون میں دس منٹ کےلئے رکھ دیں۔

چاکلیٹ کارن فلیک کیک

درکار اجزاء:

چاکلیٹ۔ ایک پاؤ

مکھن۔ 50گرام

گولڈن سیرپ۔ ایک چمچ

کارن فلیک۔ 50گرام

ترکیب:

چاکلیٹ کے ٹکڑے کر لیں۔ اب مکھن کو گولڈن سیرپ کے ساتھ ہلکی آنچ پرپگھلائیں ۔ جب پگھل جائے تو اتار لیں اور کارن فلیک میں ملائیں ۔ بیکنگ ڈش پر ہلکا ہلکا گھی لگا کر آمیزے کو اس میں ڈال دیں اور بیک کر یں۔ تقریباً 45 منٹ بعد آپ کا مزیدار چاکلیٹ کارن فلیک کیک پیش کرنے کے لیے تیار ہوگا۔

چاکلیٹ بریڈ اینڈ بٹرپڈنگ

درکار اجزاء:

ڈبل روٹی کے سلائس۔ چھ عدد

مکھن ۔ایک پیکٹ

رس بیری جام۔ آدھی پیالی

چاکلیٹ اسپریڈ۔ آدھی پیالی

کوکو پاؤڈر ۔دو کھانے کے چمچ

تازہ دودھ ۔ایک پیالی

انڈے ۔چار عدد (پھینٹے ہوئے)

چینی ۔ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)

فریش کریم۔ ایک پیکٹ

ترکیب:

پہلے ڈبل روٹی کے سلائسز کے کنارے کاٹ کر مکھن اور رس بیری جام لگا دیں۔ اب انھیں درمیان سے کاٹ کر بیکنگ ٹرے میں ذرا سی چکنائی لگا کر پھیلا کر رکھ دیں۔ پھر اس پر چاکلیٹ کی تہہ لگائیں۔ کوکو پاؤڈر کو تھوڑے سے پانی میں حل کرکے تازہ دودھ میں شامل کریں۔

اس کے بعد انڈے اور پسی چینی ملاکر اچھی طرح پھینٹ لیں اور شیٹ کے اوپر پھیلا کر ڈالیں۔ اوون کو 180 ڈگری پر گرم کرلیں۔ تیار سلائس پندرہ منٹ کے لیے باہر رکھ دیں تاکہ دودھ اچھی طرح جذب ہو جائے۔ اوون ٹرے میں تھوڑا پانی ڈال کر بیکنگ ڈش رکھیں، خیال رہے کہ پانی اندر نہ جائے۔ جب وہ اوپر سے گولڈن براؤن ہوجائے تو نکال کر فریش کریم اور آئس کریم کے ساتھ پیش کریں۔

چاکلیٹ چنک کوکیز

درکار اجزاء:

چاکلیٹ(چوپ کی ہوئی)۔2 پیالی

میدہ(چھنا ہوا)۔ 1/2پیالی

انڈے۔ 20عدد

چینی۔ ایک پیالی

براؤن شوگر۔ ایک پیالی

ونیلا ایسنس۔ 2چائے کے چمچ

بیکنگ پاؤڈر۔ 1/2چائے کا چمچ

بیکنگ سوڈا۔ 1/2چائے کا چمچ

سمندی نمک۔ ایک چائے کا چمچ ( چھڑکنے کے لیے)

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

نمکین مکھن۔ ایک پیالی

ترکیب:

الیکڑک بیٹر سے مکھن میں چینی یکجان کرلیں۔ اب اس میں ونیلا ایسنس، میدہ، بیکنگ پاؤڈر، بیکنگ سوڈا، سمندری نمک، نمک اور چاکلیٹ ملائیں۔ پلاسٹک شیٹ پر آمیزہ پھیلائیں اور لپیٹ کر فریج میں رکھ دیں۔اس آمیزے کو 12سانچوں میں ڈالیں اور 200ڈگری سینٹی گریڈپر پکائیں۔اس پر سمندری نمک چھڑک کر ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر پیش کریں۔

چاکلیٹ اسموتھی

درکار اجزاء:

کوکنگ چاکلیٹ۔ دو کھانے کے چمچ

دودھ۔200گرام

ساگو دانہ۔ دو کھانے کے چمچ

چینی۔ حسب ذائقہ

ترکیب:

ایک پین میں کوارٹر کپ پانی اور ساگودانہ ڈال کر پکائیں۔ جب یہ اچھی طرح پک جائے تو اس میں دودھ ملا کر مزید پکائیں۔کوکنگ چاکلیٹ کش کر لیں۔دوسری پین میں دودھ ابال لیں اور کش کی ہوئی چاکلیٹ ڈال کر سوس بناکر ٹھنڈا کر لیں۔ گرائنڈر میں چاکلیٹ سوس، ساگو دانہ، باقی کا دودھ اور حسب ضرورت چینی ڈال کر اتنا گرائنڈ کر یں کہ تمام اجزاء یکجان ہو جائیں۔ پھراسے گلاس میں نکال کر پیش کریں۔

چاکلیٹ سوس

درکار اجزاء:

کوکو پاؤڈر۔6کھانے کے چمچ

مکھن ۔ پچیس گرام

چینی۔ 3کھانے کے چمچ

پانی۔ ایک پیالی

ترکیب:

تمام اجزاء کو ملائیں اور گرم کرلیں۔ جب چینی حل ہو جائے تو حرارت مکمل طور پر ختم کر دیں اور ہلکی آنچ پر مطلوبہ کثافت حاصل ہونے تک پکائیں۔ اگر سوس بہت پتلی ہو تو چائے کا ایک چمچ کارن فلور تھوڑے سے ٹھنڈے پانی میں گھول کر شامل کر لیں۔ مسلسل چمچ چلاتی رہیں تاکہ گٹھلیاں نہ بنیں۔ لیجیے چاکلیٹ سوس تیار ہے۔