کئی زبانوں میں ترجمہ کرنے والا فیس ماسک

September 07, 2020

گزشتہ کئی ماہ سے پوری دنیا میں کورونا وائرس کے نام سے ایک عالمی وبا پھیلی ہو ئی ہے۔تو اس سے بچنے کے لیے فیس ماسک لگانا لازمی ہے ۔اس ضمن میں ایک جاپانی کمپنی نے ایک ماسک تیا ر کیا ہے جو سماجی فاصلے کے وقت آپ کی آواز کو بڑھانے اور آٹھ زبانوں میں ترجمہ کرسکتا ہے ۔یہ ماسک ایک ایپ کے ذریعے کام کرتا ہے اور اگر آپ کچھ کہہ رہے ہیں تو یہ اس کا ترجمہ کئی زبانوں میں کرسکتا ہے اور اگر کوئی سماجی فاصلے کی وجہ سے اپنی آواز دوسرے تک پہنچانے سے قاصر ہے تو ماسک ایک لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے آپ کی آواز کو بڑھا سکتا ہے۔

اس طرح سماجی فاصلہ اور گفتگو میں آسانی کے لیے اب یہ ماسک مدد گار ثابت ہوگا ۔کمپنی کے مطابق اس ماسک میں سامنے کی جانب سانس لینے کے لیے سوراخ بنائے گئے ہیں۔ ان سوراخ کا اصل کام تر جمہ کرنا اور آپ کی آواز کو بڑھا کر پیش کرنا ہے ۔اس کو پلاسٹک اور سلیکون سے بنایا گیا ہے ۔ اس میں ایک جدید ترین مائیکروچپ نصب ہے جو پہننے والے کے اسمارٹ فون سے بلیو ٹوتھ یا وائی فائی سے جڑسکتی ہے۔ اس طرح آپ ہسپانوی، فرانسیسی، چینی، کوریائی، ویت نامی، انڈونیشیائی، انگریزی اورجاپانی زبانوں میں ترجمہ کرسکتے ہیں۔

یعنی ان آٹھوں زبانوں کو ایک دوسرے میں ترجمہ کیا جاسکتا ہے۔پہلے یہ کمپنی صرف ایک مترجم آلہ بنانا چاہتی تھی لیکن کووڈ 19 آنے کے بعد اسے فیس ماسک میں تبدیل کردیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مترجم ماسک ایسے سیاحوں کے لیے بنایا گیا ہے جو ایئرپورٹ پر زبان نہ جاننے کی وجہ سے مشکلات کے شکار ہوتے ہیں یا پھر کسی دوسرے ملک کی اجنبی زبان سے پریشان ہوتے ہیں۔