پارٹیشن وال کی تعمیر کیلئے مختلف تعمیراتی مواد

October 22, 2020

پارٹیشن وال، دراصل کسی بھی جگہ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے لیے تعمیر کی جاتی ہے۔ اگرچہ اس وقت، کچن سے منسلک لاؤنج یا ڈائننگ روم کا ٹرینڈ خاصا اِن ہے لیکن اس کے باوجود بہت سی جگہوں کے لیے کسی بھی وقت پرائیویسی کی ضرورت پڑ سکتی ہے یا بڑی جگہ کو تقسیم کیا جانا مقصود ہوتا ہے، ایسے میںپارٹیشن وال کی تعمیر بہترین حل ثابت ہوتی ہے۔

انٹیریئر ڈیزائننگ کے ماہرین، گھر کے بڑے کمروں میں پارٹیشن وال کی تعمیر کو ضرورت کے ساتھ ساتھ ایک نیا اور منفرد سجاوٹی انداز بھی قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گھر کے کسی بھی حصے میں تعمیر کی گئی یہ دیوار ناصرف ایک فعال خصوصیت رکھتی ہے بلکہ گھر کی آرائش اور مکینوں کے جمالیاتی ذوق کا عکاس بھی ہوتی ہے۔ تاہم، سوال یہ ہے کہ اس دیوار کو کس طرح یا کس مواد کے ساتھ تعمیر کروایا جائے کہ وہ مطلوبہ مقاصد کے حصول کے ساتھ ساتھ گھر کو جدید اور منفرد انداز بھی فراہم کرسکے۔ اس کے لیے ہمیںپارٹیشن وال کی اقسام کے بارے میں جاننا ہوگا۔ مارکیٹ میں تعمیراتی مواد کی کئی اقسام دستیاب ہیں۔ ایسے میں درج ذیل مواد میں سے کسی ایک کا انتخاب کسی بھی شخص کے لیے مخمصے کا باعث بن سکتا ہے۔

لال اینٹوں کی دیوار

آجکل گھروں میںرسٹک ٹچ دینا بھی تعمیراتی ٹرینڈ کا حصہ ہے۔ ایک جدید طرز کا گھر تعمیر کرنے کے لیے اس کے بیرونی اور اندرونی حصوں میںلال اینٹوں کا استعمال ایک بہترین آپشن ہے۔ اگر آپ پارٹیشن وال کی تعمیر کے لیے لال اینٹوں کا انتخاب کرنے جارہے ہیں تو آپ کے پاس تین انتخاب موجود ہیں۔ آئیے ان تینوںکی خصوصیات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

مضبوط اینٹیں

مضبوط اینٹوں والی دیوار بھی سادہ اینٹوں والی دیوار کی طرح ہی ہوتی ہے لیکن تعمیر کے پائیدار طریقے اختیار کرنے کے باعث یہ سادہ اینٹوں والی دیوار سے زیادہ مضبوط سمجھی جاتی ہے۔ دیوار کومضبوطی فراہم کرنے کے لیے ہر تین سے چار اینٹوں کے بعد وائر میش اسٹرپس (wire mesh strips)اور آئرن بیئر کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ ایک مضبوط وائر اسٹرپ کی چوڑائی 25ملی میٹرسے28ملی میٹر تک ہوتی ہے جبکہ اس پٹی کی موٹائی 1.6ملی میٹر تک ہوتی ہے ۔

لکڑی کے ٹکڑوں میں چنی اینٹیں

یہ دیوار سادہ اور مضبوط اینٹوں والی دیواروں کے برعکس لکڑی کے فریم کے ساتھ تعمیر کی جاتی ہے تاکہ اینٹوں کی چنائی کا کام مضبوط رہے۔ لکڑی سے تیار کیا جانے والا فریم عمودی ستونوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ ستون 60سے 90 میٹر تک بلند ہوتے ہیں۔ اس فریم میں اینٹوں کو عام طور پر ہموار سطح اور کناروں پر رکھا جاسکتا ہے جبکہ اس کی دونوں جانب پلستر بھی کیا جاتا ہے۔

شیشے کی دیوار

پارٹیشن وال کے لیے شیشے کو بطور مواد منتخب کرنا بہترین اور جدید انداز ہے۔ شیشے کی دیوار سادہ اور بجٹ فرینڈلی ہونے کے ساتھ ساتھ آسانی سے تعمیرہوجاتی ہے۔ یہ موصلیت کے علاوہ پرائیویسی بھی فراہم کرتی ہے۔ اگر آپ پارٹیشن وال کے لیے شیشے کا انتخاب کرنے جا رہے ہیں تو دو میں سے ایک آپشن پر غور کرسکتے ہیں۔

گلاس شیٹ

اگر آپ گھر کے بجائے دفتر کے لیے پارٹیشن وال کا انتخاب چاہتے ہیں تو گلاس شیٹ کی دیوار بنوانے پر غور کریں۔ عام طور پر گلاس شیٹ کے ساتھ تعمیر کی گئی دیواریں گھروں کے بجائے دفاتر کی زینت زیادہ بنتی ہیں کیونکہ پینلز نمایاں ہونے کے لیے دیوار کا وسیع اور کشادہ جگہ پر ہونا ضروری ہے۔ اس دیوار کو لکڑی کے فریم میں گلاس شیٹ کی فکسنگ کرکے تعمیر کیا جاتا ہے۔ لکڑی کا فریم مختلف افقی اور عمودی پینلز کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے جبکہ لکڑی کے پینلز مستطیل، مربع یا کسی بھی شکل کے ہوسکتے ہیں، جو بنوانے والے کی ذاتی پسند یا ناپسند پر منحصر ہوسکتا ہے۔

ہولو گلاس بلاک

گھر کے مختلف حصوں کو علیحدہ کرنے کے لیے ہولو گلاس بلاک ایک بہترین انتخاب ہے۔ ہولو گلاس بلاک دراصل نیم شفاف شیشے ہوتے ہیں جو مختلف سائز، ساخت اور چوڑائی میں تیار کیے جاتے ہیں۔ چوکور شکل کا ہولو گلاس دنیا بھر میں دیوار کی تعمیر کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جانے والا مواد ہے۔ آپ بھی ہولو گلاس بلاک کے ذریعے اپنے گھر کے انٹیریئر کو ایک نیا انداز دے سکتے ہیں۔

سادہ اینٹیں

سادہ اینٹوں والی دیواریں عام طور پر گھروں میں زیادہ تعمیر کروائی جاتی ہیں۔ بجٹ کے حوالے سے بھی یہ متاثر کن تصور کی جاتی ہیں۔ دیوار کی تعمیرکے دوران اینٹوں کو سیمنٹ کے گارے پر بچھایا جاتا ہے۔ ایک سادہ اینٹوں والی دیوار کی موٹائی 10سینٹی میٹر یا پھر آدھی اینٹ کی موٹائی کے برابرہوتی ہے ۔ ایک دن میں تعمیر ہونے والی اس دیوار کی اونچائی کم ازکم 2میٹر تک ہوتی ہے ۔ دیوار کی مضبوطی اور آگ سے حفاظت کے لیے دیوار کے دونوں اطراف مکمل طور پر پلستر کیا جاتا ہے ۔