بھارتی اداکارہ کا مہیش بھٹ پر ہراسانی کا الزام، ’بڑا ڈان‘ قرار دیدیا

October 23, 2020

بالی ووڈ میں ایک کے بعد ایک پنڈورا باکس کھل رہا ہے، اب اداکارہ لیونیا لودھ نے معروف فلم ساز مہیش بھٹ پر ہراسانی کا الزام لگادیا اور اُنہیں فلم نگری کا سب سے ’بڑا ڈان‘ قرار دے دیا ہے۔

مہیش بھٹ جو اس سے قبل اداکار سُشنات سنگھ راجپوت کی موت سے جڑی خبروں کے باعث میڈیا میں ہائی لائٹ ہوئے تھے، انہیں اس بار سنگین الزامات کا سامنا ہے۔

لیونیا لودھ کی تقریباً 2 منٹ کی ویڈیو نے بالی ووڈ میں ڈرگ اسمگلنگ اور اداکاروں کے استعمال سے متعلق نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

29 سالہ اداکارہ نے اپنی اور اپنی فیملی کے تحفظ کے لیے بنائی گئی ویڈیو میں کئی بڑے انکشافات کیے، جن میں سے ایک یہ ہے کہ وہ مہیش بھٹ کے بھتیجے سُمت سبھروال کی بیوی ہیں اور انہوں نے اس سے طلاق کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سُمت سبھروال سپنا پبی اور امائرہ دستور جیسی کئی اداکاراؤں کو منشیات فراہم کرتا ہے، میرے شوہر کی ان تمام حرکتوں سے مہیش بھٹ بخوبی واقف ہیں۔

لیونیا لودھ نے یہ بھی کہا کہ بالی ووڈ کا سب سے ’بڑا ڈان‘ مہیش بھٹ ہے، جو انڈسٹری کا پورا سسٹم چلاتا ہے، اگر آپ اس کے قوانین پر عمل نہیں کرتے تو آپ کی زندگی مشکل بناتا ہے، اس نے کام سے نکلوا کر کئی لوگوں کی زندگیاں برباد کردیں، اس کے ایک فون پر لوگ اپنی ملازمت کھو دیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ جب سے میں نے مہیش بھٹ کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے، تب سے وہ مجھے دھمکیاں دے رہا ہے، میرے گھر میں داخل ہونے اور مجھے یہاں سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

لیونیا لودھ نے اپنی ویڈیو کے آخر میں کہا کہ اگر میرے یا میری فیملی کے ساتھ کچھ بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو اس کے ذمے دار مہیش بھٹ، مکیش بھٹ، سُمت سبھروال، ساحل سہگل اور کم کم سہگل ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ تمام لوگ بند دروازوں کے پیچھے کیا کرسکتے ہیں، خاص طور پر مہیش بھٹ جو انتہائی طاقتور اور بااثر ہیں۔

لیونیا لودھ نے ہمیش ریشمیا کے مقابل 2010ء میں ’کجرارے‘ فلم سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا جو پوجا بھٹ نے ڈائریکٹ کی تھی۔