ہائی کورٹ، نابینا اور معذور افراد کو فوری ملازمتیں فراہم کرنے کا حکم

October 24, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نابینا اور معذور افراد کے کوٹے پر سرکاری ملازمتیں دینے کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے نابینا اور معذور افراد کو فوری سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ سندھ کے مزید 102 معذور اور نابینا افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ دوران سماعت ایڈیشنل سیکریٹری سروسز عمر فاروق کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کل 81میں سے 75 درخواست گزاروں کو تقرری کے لیٹرز جاری کردیے ہیں، رہ جانے والے 6 افراد کی تقرری کا عمل جاری ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ سندھ کے مزید 102معذور اور نابینا افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں، جن درخواست گزاروں کے نام زیر غور ہیں انہیں میرٹ پر دیکھا جائے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ متعلقہ حکام کی تجاویز کے بعد پندرہ دن میں درخواست گزاروں کا تقرر کیا جائے ،جن معذور اور نابینا افراد کی تقرریاں کی جاچکی ہیں انہیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جوائننگ دلوائی جائے۔