مذہبی فسادات کا الزام، کنگنا اور بہن کی تھانے میں پیش ہونے سے معذرت

October 27, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ پنگا ’کوئین‘ کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چنڈیل نے اپنے خلاف دائر مذہبی فسادات کرانے کے کیس میں رواں ماہ 27 اکتوبر تک تھانے میں پیش ہونے سے معذرت کرلی۔کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چنڈیل کو ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کی باندرا پولیس نے مذہبی فسادات کرانے کی کوشش سے متعلق درج کیس میں تفتیش کے لیے 27 اکتوبر تک پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا۔

بھارتی میڈیاکے مطابق کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چنڈیل کے وکیل رضوان صدیقی نے باندرا پولیس کو تحریری طور پر اداکارہ کے پیش نہ ہونے سے متعلق آگاہ کردیا۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے وکیل رضوان صدیقی نے پولیس کو تحریری طور پر بتایا کہ کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چنڈیل اس وقت ممبئی میں موجود نہیں ہیں، جس کی وجہ سے وہ تھانے پر پیش نہیں ہو سکتیں۔

وکیل کی جانب سے پولیس کو بھیجے گئے تحریری نوٹس میں بتایا گیا کہ دونوں بہنیں اپنی آبائی ریاست ہماچل پردیش میں چھوٹے بھائی کی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور وہ فوری طور پر ممبئی نہیں آ سکتیں۔

کنگنا رناوت کے وکیل کے مطابق ان کا نوٹس پولیس کو موصول ہوچکا ہے، جس میں انہوں نے پولیس کو آگاہ کیا ہے کہ ان کی موکل 15 نومبر تک تھانے پر پیش ہوجائیں گی۔