اسلام آباد میں فرانس کیخلاف احتجاج، مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں

October 30, 2020

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فرانس کیخلاف احتجاج کے دوران مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے مظاہرین کو ڈپلومیٹک انکلیو تک بڑھنے سے روکنے کے لیے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی اور مظاہرین کو آگے جانے سے روک دیا۔

انجمن تاجران کے زیر اہتمام آب پارہ چوک میں فرانسیسی صدر اور گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں مذہبی جماعتوں کے کارکنان بھی شریک ہو ئے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فرانس کے سفیر کو واپس بھیجے، فرانس سے تعلقات ترک کرے اور فرنچ مصنوعات کا بائیکاٹ کرے۔

مظاہرین نے آب پارہ چوک میں لگے کنٹینر ہٹادیے اور ڈپلومیٹک انکلیو کی جانب پیش قدمی کی، مظاہرین جب سرینا چوک پہنچے اور وہاں لگے کنٹینرز ہٹانے کی کوشش کی تو پولیس نے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی۔

جواب میں مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا گیا، جبکہ مظاہرین نے اطراف میں گھاس کو آگ لکا کر آنسو گیس کی شدت کم کرنے کی کوشش کی، پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کر کے مظاہرین کو پیچھے دھکیلا۔

پولیس جب شیلنگ روکتی تو مظاہرین دوبارہ آگے کی جانب بڑھتے، تقریباً ایک گھنٹہ پولیس کی جانب سے شیلنگ کا سلسلہ جاری رہا، تاہم مغرب کے وقت پولیس نے مظاہرین کو پیش قدمی سے روک دیا جس کے بعد مظاہرین نے آب پارہ کی جانب واپس جانے کا اعلان کیا اور منتشر ہو گئے۔