کووڈ 19 نے ٹیکنالوجی کی اہمیت بڑھادی، آن لائن تدریس کا سبق دیا، ڈاکٹر خالد عراقی

November 02, 2020

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ہم ایک ایسی صدی میں ہیں جس میں ٹیکنالوجی کو برتری حاصل ہے، کووڈ 19 نے ٹیکنالوجی کی اہمیت اور بڑھادی ہے،جو معاشرہ جدید ٹیکنالوجی استعمال نہیں کر رہا وہ ترقی میں پیچھے رہ جائے گا۔کوروناوائرس جامعات کے لئے آن لائن تدریس کا بڑا سبق دے کر گیا ہے،آن لائن نظام میں مسائل ضرور موجود ہیں مگر ہمیں ان کو دور کرنا ہے۔ معاشرے کی ترقی ٹیکنالوجی کے استعمال سے مشروط ہے، وہ معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا جو سائنس کو فوقیت نہ دے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں شروع میں لوگ کورونا وائرس کو ایک افسانہ سمجھ کر اس سے انکار کرتے رہے مگر جب ان کے اپنے قریبی لوگ اس میں مبتلا ہوئے تب جاکر انھیں اس کی حقیقت کا اندازہ ہوا۔میرا مشورہ ہے کہ سائنس اورٹیکنالوجی کو فوقیت دیں، ہماری نئی نسل کی ان شعبوں میں آگے نکلنے کی صورت میں ہی ہم ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہوپائیں گے۔