کورونا کے باعث دنیائے کھیل میں ویرانا

December 29, 2020

کورونا وائرس نے جہاں گذرتے ہوئے سال 2020میں زندگی کے ہر شعبے کو متاثر کیا، وہیں کھیل کی دنیا میں اس کے باعث ویرانا چھایا رہا،کئی عالمی مقابلے الٹ پلٹ ہوگئے،جمنا زیم، کورٹس اور کھیلوں کے میدانوں میںسناٹا رہا،کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے کھیلوں کی اصل روح تماشائیوں کو گھروں میں قید کردیا گیا، ان کے میدانوں میں آنے پر پابندی عائد کردی گئی،ان کی عدم موجودگی میں مقابلوں کے دوران شور شرابے کے لئے میوزک کا سہارا لیا گیا،تماشائیوں کے بینڈ باجے اور نعرے ماند پڑ گئے، خوشی کے شادیانے نہ بج سکے،،ارچ سے ستمبر تک معاشرے کے سب سے زیادہ طاقت ور اور سپر فٹ تصور کرنے والے کئی کھیلوں کے اسٹار مرد اور خواتین کھلاڑی خوف کی چادر میں دبک گئے۔

انہوں نے پریکٹس بھی چھوڑدی،کھیلوں کے سامان اور ایکسر سائز سے بھی دور ہوگئے، کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ ٹوکیو اولمپکس بھی نہ سج سکے اور ایک سال کے لئے ملتوی کردئیے گئے،جن کھیلوں کے ایونٹس ہوئے ان میں کھلاڑی ماسک اور سینی ٹائیزر میں الجھ گئے،کئی سال بعد ومبلڈن ٹینس کے تاریخ ساز مقابلے بھی نہ ہوسکے،جو مقابلے ہوئے بھی تو ان میں جیت کی خوشی کا وہ انداز نہیں تھا جو کھیل کے میدانوں کا خاصا ہوتا ہے،کوچ فتح پر کھلاڑی کو گلے نہ لگا سکا،جیتنے والا ہارنے والے کو دلاسا نہ دے سکا،،ناکام کھلاڑی حریف فاتح کو ہاتھ ملا کر جیت کی مبارک باد نہ دے سکا،یہ کیسی دوری اور مجبوری تھی جس پر سب حیرت زدہ تھے،کھیل جسے امن، محبت اور دوستی کا نام دیا جاتا ہے اس میں یہ کیسی غیر مروتی تھی جو پہلے کبھی نہ دیکھی گئی،جسےکورونا جیسی خطرناک عالمی وبا نے دکھا دیا، کھلاڑیوں کو پہلی بار بایو سیکیور ببل ماحول میں پریکٹس سے گذرنا پڑا،،پورے سال کئی کھیلوں کے عالمی اور ایشیائی مقابلے نہ ہونے سے نہ کوئی ریکارڈ ٹوٹ سکا، اور نہ ہی کوئی نیا ریکارڈ تارٰک کا حصہ بنا، پورے سال کسی بھی کھلاڑی کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت نہ آ سکا۔

کھیلوں سے دور رہ کئی خواتین کھلاڑیوں نے کوکنگ سیکھ لی تو کسی سے سلائی کڑا ئی آگئی،زندگی میں پہلی بار کھلاڑیوں کو آن لائن کوچنگ کے مراحل سے گذرنا پڑا،انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی، انٹر نیشنل کر کٹ کونسل، ایف آئی ایچ، فیفا سمیت کئی کھیلوںکی عالمی تنظیموں کی ہدایت پر رکن ملکوں نے کوچنگ کا یہ منفرد اور نیا انداز اپنایا، پاکستان میں بھی کھلاڑیوں نے پہلی مرتبہ آن لائن کوچنگ میں حصہ لیا،دیگر ملکوں کی طرح پاکستان میں کئی کھیلوںکی قومی چیمپئن شپ بھی نہ ہوسکی،پاکستان میں کھیل کا شعبہ بھی مایوسی کا شکار رہا ،سوائے کر کٹ اور ایتھلیکٹس ٹیم کے علاوہ کسی بھی ٹیم نے انٹر نیشنل مقابلوں میں حصہ نہیں لیا جس سے قومی کھلاڑی اگلے سال ہونے والے اولمپکس گیمز سے قبل اچھی اور فعال تیاری سے محروم نظر آئے، پاکستان سپر ہاکی لیگ کا منصوبہ بھی عملی شکل اختیار نہ کرسکا، جبکہ نیٹ بال، تھرو بال،سافٹ بال،جمناسٹک،ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن،فٹبال، باکسنگ،ویٹ لفٹنگ، والی بال، باسکٹ بال سمیت کئی کھیلوں کے کھلاڑیوں کو پورے سال مایوسی کے علاوہ کچھ نہ مل سکا، نہ کیمپ لگے، نہ پریکٹس مقابلے ہوئے جبکہ قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کے حکام جوائے ٹرپ سے محروم رہے۔

پی ایس ایل مقابلوں کے آخری چار میچز کراچی میں مکمل کرائے گئے، کر کٹ کے عالمی میچز پاکستان سمیت کچھ ملکوں میں ہوئے، پاکستان میں قومی ہاکی چیمپئن شپ کے علاوہ فٹبال کا چیلنج کپ، کراچی میں باسکٹ بال کے ایونٹ،اسکواش ،اسنوکر مقابلوں کی سر گرمیاں دیکھنے میں آئیں۔پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے سائوتھ ایشین گیمز نیپال کے ڈوپننگ اسیکنڈل میں انکوائری کمیٹی کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر پاکستان ایتھلیکٹس فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی ہے،پی او اے کے سکریٹری جنرل خالد محمود نے کہا ہے کہ 13 ویں جنوبی ایشین گیمز ، 2019 کے دوران ، جس میں پانچ کھیلوں کے دس کھلاڑیوں کا ڈوپنگ ٹیسٹ لیا گیا تھا ،ایتھلیٹکس کے تین کھلاڑی مثبت پائے گئے۔

یہ ایک تشویشناک اشارہ تھا لہذا لاگو قوانین اور رہنما خطوط کے مطابق تحقیقات کی ہدایت کی گئی تھی جس میں تمام وابستہ قومی کھیلوں کے فیڈریشنوں کو حصہ لینے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن آف پاکستان (اے ڈی او پی) نے بھی پی او اے کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اے ڈی او پی کے اینٹی ڈوپنگ رولز کے مطابق ایک بین الاقوامی مقابلے میں ایک سے زیادہ ایتھلیٹوں کے مثبت نتائج پر غور کرتے ہوئے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) کے خلاف تادیبی اقدامات کرے۔یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ اے ایف پی نے تحقیقات کمیٹی کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کردیا۔

اے ایف پی ایک بین الاقوامی مقابلہ میں اینٹی ڈوپنگ کی تین خلاف ورزیوں سے واضح اینٹی ڈوپنگ پالیسیاں نافذ کرنے میں ناکام رہی ،کمیٹی کے ساتھ عدم تعاون پر اس کی رکنیت معطل کردی گئی ہے،۔ممبرشپ کی بحالی کے لئے ، اے ایف پی کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ قابل اطلاق قواعد و ضوابط کے مطابق تیار کردہ شرائط پر عمل کرے اور کھلاڑیوں کو ڈوپننگ سے روکنے کے لئے کورسز کا انعقاد کرے۔

پاکستان کے سابق عالمی چیمپئن اور اسکواش کے بے تاج بادشاہ جہانگیر خان مسلسل چھٹی مرتبہ عالمی اسکواش فیڈریشن کے اعزازی صدر منتخب ہوئے۔ جہانگیر کو اگلے دو برس مزید اعزازی صدر کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ جہانگیر خان پہلی مرتبہ 28 نومبر 1981 کو ٹورنٹو میں کھیلی گئی ورلڈ اوپن کے فائنل میں آسٹریلیا کے جیف ہنٹ کو شکست دے کر دنیا کے سب سے کم عمر ورلڈ چیمپئن بنے تھے۔

رواں سال عالمی سطح پر خبروں کی زینت بننے والے اہم واقعات میں دنیائے فٹبال کے تاریخ ساز بیٹسمین میرا ڈونا چل بسے، ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے میرا ڈونا موت کے بعد بھی میڈیا کی زینت رہے ان کے انتقال کے حوالے سے سامنے آنے والی طبی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے موت سے قبل کسی قسم کی منشیات کا استعمال نہیں کیا، لیجنڈ فٹبالر کے جسم میں موت سے قبل کسی قسم کے منشیات یا الکوحل استعمال کرنے کے شواہد نہیں ملے،رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ میرا ڈونا کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی،واضح رہےکہ ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر میراڈونا گزشتہ ماہ نومبر میں انتقال کرگئے تھے۔

ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر اور ہسپانوی کلب بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے لائنل میسی نے ایک اور اعزاز حاصل کرلیا۔اسپینش لیگ کے میچ میں میسی نے ریال ویلا ڈولڈ کے خلاف بارسلونا کی جانب سے 644 واں گول کرکےکسی کلب کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔میسی نے پیلے کا 643 گولز کا ریکارڈ برابر کردیااس سے قبل یہ ریکارڈ برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے کے پاس تھا جنہوں نے 1956 سے 1974 تک 19 سیزن میں اپنے کلب سینٹوس کے لیے 643 گول کیے تھے۔33 سالہ میسی نے یہ کارنامہ 16 سال میں انجام دیا ہے وہ 2003 سے بارسلونا کلب کا حصہ ہیں۔

اسپینش لیگ کے اس میچ میں بارسلونا نے ریال ویلا ڈولڈ کو تین، صفر سے شکست دی،آسٹریلیا کے لیجنڈ کرکٹر سر ڈان بریڈ مین کی بیگی گرین ٹیسٹ ڈیبیو کیپ نیلام کردی گئی۔ سرڈان بریڈ مین کی ٹیسٹ ڈیبیو کیپ 4 لاکھ 50 ہزار آسٹریلوی ڈالرز میں فروخت ہوئی جسے آسٹریلوی بزنس مین پیٹر فریڈ مین نے خریدا۔سرڈان بریڈ مین کی ڈیبیو کیپ ایک سے 2 ملین آسٹریلوی ڈالرمیں نیلام ہونے کی توقع تھی اور اسے ایک ہفتہ نیلامی میں رکھا گیا لیکن ریزرو پرائز تک نہ پہنچ سکی۔

سر ڈان بریڈ مین کو 1928 میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیپ پیش کی گئی تھی۔کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث روسی ایتھلیٹس پرپابندی کم کرکے 2 سال کردی۔ عالمی ڈوپنگ ایجنسی نے روسی ڈوپنگ ایجنسی کی جانب سے جعلی شواہد دینے اور ڈیٹا ضائع کرنے پر روس پر 4 سال کے لیے پابندی لگادی تھی جس کے خلاف روس نے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا تھا،روس پر 4 سال کی پابندی، اولمپکس 2020 اور فٹبال ورلڈکپ سے باہرہوچکا ہے۔

پابندی میں کمی کے باوجود روسی ایتھلیٹس ٹوکیو اولمپکس 2020 میں حصہ نہیں لے سکیں گے، روس 2022 میں قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوچکا ہے۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر ایرک فری مین 76 سال کی عمر میں دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔ ایرک فری مین نے 1968 میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کیا تھا ، انہوں نے گیارہ ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی بھی کی۔

ریسنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ لوئس ہیملٹن نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے بعد رواں سال 2020ء میں اسپورٹس پرسنیلٹی آف دی ایئر کا اعزاز جیت لیا ہے۔پرتگال اور یووینٹس کے اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے سال 2020 کا گولڈن فُٹ ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو سال 2020 کا گولڈن فُٹ ایوارڈ لے اُڑے، یہ ایوارڈ کسی کھلاڑی کو زندگی میں ایک ہی بار دیا جاتا ہے۔

یادگار کے طور پر رونالڈو کے پاؤں کا نقش بھی محفوظ کرلیا گیا ہے،قطر کے دارالحکومت دوحا کو2030کے 21ویں ایشین گیمز کی میزبانی مل گئی، اس بات کا فیصلہ اولمپکس کونسل آف ایشیا کے اجلاس میں کیا گیا جس میں خفیہ رائے شماری سے میزبان شہر کا انتخاب کیا گیا،دوحا2006 میں پہلے بھی اس سے قبل ایشین گیمز کی میزبانی کرچکا ہے، دوحا کا مقابلہ سعودی شہر ریاض تھا جو2034 میں 22 ویں ایشین کھیلوں کی میزبانی کرے گا ، حق رائے دہی سے قبل ، او سی اے کے صدر شیخ احمد الفہد الصباح نے دونوں امیدواروں کے شہروں کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے ، اور انہوں نے اس تجویز پر اتفاق کیا ہے کہ موجودہ اجلاس میں جو شہر میں سب سے زیادہ ووٹ لے گا اسے میزبانی ملے گی جبکہ۔ 2030 دوسرے نمبر پر آنے والے شہر میں 2034 کے گیمز ہوں گے۔

روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا نے برطانوی بزنس مین الیگزینڈر سے منگنی کرکے اپنے چاہنے والوں کو خوشخبری سنائی۔روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا کے منگیتر برطانوی شہزادے ہیری اور شہزادہ ولیم کے قریبی دوست بھی ہیں۔ماریا شراپووا کی برطانوی بزنس مین الیگزینڈر کے ساتھ 2008 سے دوستی ہے۔فیفا ایوارڈز میں سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈپولینڈ کے لیوانڈوسکی نے جیتا،فیفا ایوارڈ میں سال کی بہترین خاتون کھلاڑی کا ایوارڈ انگلینڈ کی لوسی برونز نے اپنے نام کیا جب کہ پولینڈ کے رابرٹ لیونڈوسکی میسی اور رونالڈو کو پیچھے چھوڑتے سال کے بہترین فٹ بالر قرار پائے ۔

فیفا ایوارڈ میں جرمنی کے مینوئل نوئر سال کو بہترین گول کیپر قرار دیا گیا۔ دوروز بعد نیا سال 2021شروع ہورہا ہے اس سال کا سب سے بڑا مقابلہ ٹوکیو اولمپکس گیمز ہیں جو جولائی اگست میں ہوں گے مگر کورونا کے خطرات اب بھی منڈلارہے ہیں،منتظمین اس حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں،دیکھنا یہ کہ نیا سال کھلاڑیوں اور منتظمین کی اداسی کو خوشی یں بدل سکے گا۔