معیشت کی زبوں حالی سے صنعتی ترقی شدید متاثر ہوئی ہے، فراز الرحمٰن

January 15, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے بی جی وائس پریزیڈنٹ اور سابق سینیئر نائب صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری فرازالرحمٰن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ معیشت کی زبوں حالی کی وجہ سے صنعتی ترقی شدید طور پر متاثر ہوئی ہے پاکستان ایک سنجیدہ سیاسی نظریاتی معاشی اور معاشرتی بحران کا شکار ہے اور ہر بحران حالات کو بہتر بھی بنا سکتا ہے اور بد تر بھی بحران کے بعد ملک تنزل کی طرف بھی بڑھ سکتا ہے اور ترقی کی منازل بھی طے کر سکتا ہے ان کا کہنا تھا کہ اشیاء کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں دوسری طرف بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی نظام میں خرابی کی ایک بڑی وجہ دہشتگردی بھی ہے ۔ دہشتگردی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کارخانوں اور فیکٹریوں میں آگ لگ جانے سے ملکی معیشت خسارے میں دھنستی چلی جارہی ہے بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح ہمارے مسائل کو مزید گمبھیر کررہی ہے۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لئے روزگار کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں اگر عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں تو معاشی مسائل میں خاطر خواہ کمی آسکتی ہے اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارا صنعت کار کسی مجاہد سے کم نہیں امن و امان کی صورتحال خراب ہو تو بھی کام کرتا ہے کووڈ کے معاملات ہوں گیس کی بندش ہو یہاں تک کے بجلی نہ ہو تو خود ہی بجلی بناتا ہے پاکستان کے صنعت کار اپنی مدد آپ کے تحت روڈ تک بناتا ہےاگر آپ یہ کہیں کہ پاکستان کا صنعت کار ہر وہ کام کرتا ہے جو یہاں کی حکومت کی ذمہ داری ہے تو غلط نہیں ہوگا ۔