یوکے اسلامک مشن کے زیر اہتمام ضرورت مند افراد کی امداد

January 16, 2021

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) یوکے اسلامک مشن یورپین سنٹر اولڈہم میں فوڈحب کے زیر اہتمام ضرورت مند افراد کو روز مرہ ضروریات زندگی کی اشیاء فراہم کرنے کا کام کمیونٹی کے مخیر حضرات اور سنٹر میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد کے عطیات سے جاری ہے ، رنگ و نسل مذہب سے بالاتر ہو کر بے گھرافراد سمیت ضرورت مند اور دنیا بھر سے آئے پناہ گزینوں کے خاندان کی بنیادی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔ فوڈ حب کے ترجمان یاسر زاہد کا کہنا ہے کہ ہم کمیونٹی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے پچھلے تین برس سے انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، ہم عطیات دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کے عطیات کا سو فیصد ضرورت مند افراد کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خرچ کرتے ہیں، شام سے دو برس قبل برطانیہ میں آنے والی پناہ گزین ریما علی نے کہا وہ دو برس قبل پناہ گزین کی حیثیت سے برطانیہ آئی تھیں، فوڈ حب سے میں اور میرے دوست احباب اپنے خاندان کی روز مرہ زندگی کی اشیاء لے کر جاتے ہیں جس سے ہمارا گزر بسر ہوتا ہے ہم ا ن کی مدد سے انتہائی خوش ہیں،فوڈحب میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے ابوبکر نے کہا ہم ہر دو ہفتوں کے بعد ضرورت مند اور بے گھر افراد کو ا ن کی ضرورت کے مطابق اشیا فراہم کرتے ہیں ایسا مخیر حضرات کے عطیات سے ممکن ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران مشکل ترین حالات میں بھی ضرورت مند افراد کی مدد کرتے رہے ہیں اور کورونا وبا کے ختم ہونے کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔