آئیسکو اہلکاروں کے فراڈ کی وصولی عام صارفین سے شروع

February 26, 2021

راولپنڈی (ناصر چشتی‘ خصوصی نمائندہ) آئیسکو نے اہلکاروں کی طرف سے 2018میں بلوں کی وصولی میں کئے گئے کروڑوں روپے کے فراڈ کی ریکوری عام صارفین سے کرنا شروع کر دی ۔ یہ ریکوری 10 اقساط میں وصول کی جائے گی۔ عام صارف موجودہ بل دیکھ کر سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ 2018 میں ایزی پیسہ کا لنک چوری کرکے ان اہلکاروں نے کروڑوں روپے کا فراڈ کیا جس پر محکمانہ انکوائری کے بعد ان افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق اب عام صارفین سے اس رقم کی ریکوری جو کورونا کے باعث ملتوی کر دی گئی تھی‘ اب موجودہ بلوں میں کی جارہی ہے۔ صارفین نے بتایا کہ ہم نے تو بل جمع کرائے تھے مگر اب ان اقساط کے ساتھ ہزاروں کے بل وصول ہو رہے ہیں اور ساتھ میں بل جمع نہ کرانے پر بجلی کاٹنے کا نوٹس بھی دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا قصور کیا ہے۔ ادھر آئیسکو کے ذرائع کے مطابق جن لوگوں نے یہ بل جمع کرائے ان کو ان حالات کا علم تھا جبکہ عام صارف کا کہنا ہے کہ ہم سے ڈبل بل وصول کرنے کی بجائے اہلکاروں یا ایزی پیسہ والوں سے وصول کئے جائیں ۔ ادھر ایکسین سیٹلائٹ ٹائون سے جب اس سلسلہ میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے سارا ملبہ عام صارف پر ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اعلیٰ حکام کا حکم ہے ، ہم کچھ نہیں کرسکتے واضح رہے کہ زیادہ تر کیسز سیٹلائٹ ٹائون ڈویژن سے متعلق ہیں۔