آئمہ بیگ نے 75 کلو وزن کیسے کم کیا؟

February 26, 2021

پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ کالج کے دوران اُن کا 75 کلو سے بھی زیادہ وزن ہوا کرتا تھا۔

لاکھوں دلوں پر اپنی سریلی آواز سے راج کرنے والی پتلی دبلی سی آئمہ بیگ نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ ’جب وہ 16 یا 17 سال کی تھیں تو اُن کا وزن 75 کلو سے بھی زیادہ تھا، اُن کی ڈبل کے بجائے ٹرپل چِن نظر آ تی تھی۔‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر وائرل ہوتی ایک مختصر سی ویڈیو میں پاکستان سپر لیگ 6 کا گانا گانے والی گلوکارہ آئمہ بیگ کا مزید کہنا ہے کہ ’جب وہ کالج میں تھیں تو اُن کا وزن بہت زیادہ تھا، کالج کے دور میں وہ بہت سے لباس موٹی ہونے کے سبب نہیں پہن سکتی تھیں مگر دوسری لڑکیوں کو دیکھ کر اُن کا بہت دل کرتا تھا وہ بھی اپنے پسندیدہ لباس پہن سکتی ہیں۔‘

انٹرویو کے دوران آئمہ بیگ نے یہ تو نہیں بتایا کہ انہوں نے وزن میں کمی لانے کے لیے کیا کیا پاپڑ بیلے مگر اُن کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل ترین سفر تھا۔

آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ ’وزن کم کرنا بہت مشکل تھا مگر اُنہوں نے خود کو صحت مند رکھنے کے لیے یہ سب کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اُن کے وزن کم ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کے انہیں ڈینگی ہو گیا تھا جس کے بعد سے اُن کا وزن قدرتی طور پر بھی بڑھنے سے رُک گیا تھا اور وہ سلم اور اسمارٹ ہوتی چلی گئیں۔‘