وزیراعلیٰ نے شہر کے مسائل حل کرنیکی یقین دہانی کرا دی،ندیم قریشی

February 27, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محمد ندیم قریشی نے ملاقات کی اور ملتان شہر اور اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی نے مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے اندرون شہر کڑی جمنداں سپورٹس کمپلیکس کو ایک ماہ میں مکمل کرنے، اندرون شہر کبوتر منڈی ڈسپنسری کو اپ گریڈ کر کے ٹاؤن ہسپتال بنانے اور کبوتر منڈی گرلز ہائی سکول کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کیلئے فوری فزیبلٹی رپور ٹ تیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ اس موقع پر محمد ندیم قریشی نے وزیراعلیٰ کو ملتان لوک ورثہ میلے میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے ملتان آمد کا عندیہ دیا۔ محمد ندیم قریشی نے وزیراعلیٰ سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بتایا کہ وزیراعلیٰ نے حلقہ پی پی 216 میں صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی اور سیوریج کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ کڑی جمنداں سپورٹس کمپلیکس منصوبہ گزشتہ سات سالوں سے التوا کا شکار چلا آرہا تھا اب ایک ماہ میں مکمل ہوجائے گا اس کی تکمیل سے اندرون شہر کے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم ہوں گے۔