روزے کی حالت میں مسواک کا استعمال

April 16, 2021

تفہیم المسائل

سوال: روزے کی حالت میں مسواک ، ٹوتھ پیسٹ یا ٹوتھ پاؤڈر استعمال کرسکتے ہیں ؟ (عبداللہ ضیائی ، کراچی)

جواب:’’حضرت عامر بن ربیعہ ؓ بیان کرتے ہیں: میں نے بے شمار مرتبہ نبی اکرم ﷺ کو روزے میں مسواک کرتے دیکھا، (سُنن ترمذی:725)‘‘۔روزے کی حالت میں فقہاء احناف نے مسواک کی اجازت دی ہے ،چاہے وہ خشک ہو یاتر ، جس میں کچھ ذائقہ موجود ہوتا ہے ۔علامہ زین الدین ابن نجیم حنفیؒ لکھتے ہیں:ترجمہ:’’ اوررہا مسواک کرنا ،روزے دار کے لیے مسواک کرنا مکروہ نہیں ہے، مسواک خشک ہویاتر ،اگرچہ پانی سے تر کی ہوئی ہو ،زوال سے پہلے کرے یا بعد میں ،(البحرالرائق ،جلد 2،ص:302)‘‘۔علامہ نظام الدین ؒ لکھتے ہیں: ’’ اوررہی سبز مرطوب مسواک تو اس میں کسی کے نزدیک کوئی مضائقہ نہیں ،(فتاویٰ عالمگیری ، جلد1،ص:199)‘‘۔

مسواک کی تری یا اس کی لکڑی کاکوئی ریزہ یا ریشہ حلق میں چلاگیا تو روزہ فاسد ہوجائے گا،امام یحییٰ بن شرف النَّوَوی لکھتے ہیں: ترجمہ:’’ اگر مرطوب مسواک کی اوراس کی ریشے دار لکڑی میں کوئی ریشہ نگل لیاتو بالاتفاق روزہ ٹوٹ جائے گا ،(المجموع شرح المہذب)‘‘۔امام احمد رضاقادری ؒ لکھتے ہیں: ’’مسواک کرنا سنّت ہے، ہروقت کرسکتا ہے، اگر چہ تیسرے پہر یا عصر کو، چبانے سے لکڑی کے ریزے چھوٹیں یا مزا محسوس ہوتو نہ چاہئے، خلال کرنے میں تو کوئی مضائقہ نہیں ،روزہ بند ہونے سے پہلے خِلال کرلینا چاہیے ،تاکہ روزے کی حالت میں اس کی ضرورت نہ رہے ،البتہ اگر سحری کھا کر فارغ ہُوا تھا کہ صبح ہوگئی تو اسی وقت خِلال کرے گا ، اس میں حرج نہیں ہے ، روزے میں منجن مَلنا نہ چاہئے،(فتاویٰ رضویہ)‘‘۔

منجن ، ٹوتھ پاؤڈر اور پیسٹ اس سے مختلف ہے کہ اس میں ذائقہ بہت محسوس ہوتا ہے، نہ اس پر مسواک کااطلاق ہوتاہے اور نہ مسواک کی سنت اداکرنے کے لیے اس کی ضرورت ہے ،حتیٰ الامکان روزے کی حالت میں اس کے استعمال سے اجتناب کرنا چاہیے، کیونکہ اگر اس کے ذرّات حلق میں واضح طورپر محسوس ہوں اور اس کا قوی اندیشہ بھی ہوتاہے ،تو ایسی صورت میں روزہ فاسد ہوجائے گا۔ غرض منجن یا ٹوتھ پاؤڈر یا پیسٹ سے ممانعت کا مشورہ احتیاط کی بناءپر ہے کہ غیر ارادی طورپر بھی بعض ذرات کا حلق میں چلے جانے کا امکان رہتا ہے ۔