جھوٹا مقدمہ کی شکایت ، سی پی او محمد نے اے ایس پی مری سے رپورٹ طلب کر لی

April 19, 2021

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) مری میں جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی شکایت سامنے آنے پر سی پی او محمد احسن یونس نے اے ایس پی مری سے رپورٹ طلب کر لی۔ اے ایس پی مری نے بتایا کہ مدعی مقدمہ ڈیرہ غازی خان کا رہائشی ہے جو ایک ماہ قبل فیملی کے ہمراہ مری آیا اور ہوٹل میں ٹھہرا، جس نے پولیس کو درخواست دی کہ ہوٹل سے جاتے وقت اسکی ہمشیرہ کے ایک لاکھ روپے ہوٹل میں رہ گئے تھے، واپس آکر ہوٹل والوں سے رقم کے متعلق پوچھا جنہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا، مری پولیس نے شہری کی درخواست پر مقدمہ کے اندراج کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے عرفان کھوسہ کی درخواست پر اسی روز مقدمہ درج کیا، مقدمے میں نامزد ملزمان نے عبوری ضمانتیں کروا رکھی ہیں جب کہ مقدمہ کی تفتیش جاری ہے. سی پی او محمد احسن یونس کے واضح احکامات اور پالیسی کے مطابق تفتیش کے دوران ٹھوس شواہد سامنے آنے پر ہی ملزمان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے، شواہد کی عدم موجودگی میں ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جائے گا، جبکہ درخواست دہندہ کا موقف جھوٹا ثابت ہونے پر اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، سی پی او محمد احسن یونس نے اے ایس پی مری کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقدمہ کی میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے، میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔