نوجوانی میں بھنگ کا استعمال امراض قلب کا سبب بن سکتا ہے، تحقیق

April 19, 2021

ایک نئی طبی تحقیق کے مطابق نوجوانی میں بھنگ کا استعمال امراض قلب کا سبب بن سکتا ہے۔

سگریٹ نوشی کے دل کی بیماریوں اور خون کی رگوں میں تبدیلی کا سبب بننے کے حوالے سے سب جانتے ہیں۔ لیکن طویل عرصے تک بھنگ استعمال کرنے سے امراض قلب کی بیماریاں لاحق ہونے کے بارے میں کم ہی لوگوں کو علم ہوگا۔

واضح رہے کہ الکوحل کے بعد بھنگ دنیا بھر میں سب سے زیادہ بطور تفریحی نشے کے استعمال کیا جاتا ہے۔

کینیڈا کی گولیف یونیورسٹی میں کی جانے والی یہ تحقیق حال ہی میں جرنل آف اپلائیڈ فزیالوجی میں شائع ہوئی ہے اور اس میں ان ایسے نوجوانوں کا تجزیہ کیا گیا جو کہ ابتدائی عمر سے بھنگ کا استعمال شروع کرتے ہیں۔

تحقیق میں ان خطرات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ یہ نشہ ان نوجوانوں میں امراض قلب کے حوالے سے کس قدر اثرات مرتب کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بھنگ نوجوانوں کے دل اور خون کی نالیوں میں ایسی تبدیلیوں کا سبب بنتا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ اس تحقیقی ٹیم نے 19 سے 30 برس کے 35 افراد کا تجزیہ کیا جن میں نصف بھنگ کا استعمال کرتے تھے۔

انکے دل اور خون کی نالیوں کے الٹرا سائونڈ امیج کا معائنہ کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ معلوم ہوا کہ انکی خون کی نالیاں تنگ ہوگئی تھیں اور ان کے افعال بھی متاثر ہوئے تھے۔ جوکہ امراض قلب کے خطرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔