گودام سے 20 ہزار لٹر مضر صحت و زائد المعیاد مشروبات برآمد

April 23, 2021

پشاور(نمائندگان جنگ) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک اڈے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے 20 ہزار لٹر مضر صحت و زائد المعیاد مشروبات برآمد کرلئے۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی۔ جس کے دوران گودام کو سیل کردیا گیا اور مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق اپر دیر میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، نان فوڈ گریڈ کلر کے استعمال اور زائد المعیاد اشیاء رکھنے پر تین دکانوں کو سیل کردیا گیا۔ دیر لوئر کے علاقے رباط میں مختلف ڈیری شاپس کا معائنہ کیا گیا، اور ملاوٹی دودھ ثابت ہونے پر 60 لیٹر دودھ تلف کردئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے چارسدہ میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، صفائی کے ناقص صورتحال، نان فوڈ گریڈ کلر اور رنگولیٹ کے استعمال پر دو بیکریوں کو سیل کردیا گیا۔ بنوں کے علاقے اندرون منڈان میں 50 لیٹر زائد المعیاد مشروبات اور 10 کلو زائد المعیاد مصالحہ جات برآمد کئے گئے۔