کاروبار کرنے کیلئے فرنچائز کا حصول

April 26, 2021

اگر آپ کے پاس سرمایہ ہے تو آپ کے پاس دو آپشن ہیں، یا توآپ اپنا نیا کاروبار شروع کریں یا پھر کسی مشہور کاروبار کی فرنچائز حاصل کرلیں جو کہ کسی حد تک محفوظ سرمایہ کاری بھی کہلاتی ہے۔ فرنچائز ایک طرح کا کاروباری اسٹرکچر ہے۔ اس کے تحت کسی بھی کاروبار کا مالک (جسے فرنچائزر کہا جاتا ہے) کچھ معاوضے کے بدلے کسی تیسرے فریق (جسے فرنچائزی کہا جاتاہے)کو اپنا کاروبار کرنے کا لائسنس دیتا ہے۔ فرنچائز ی اپنے علاقے میں اس کاروبار کا نام، برانڈ، بزنس پلان اور آپریشن کی تکنیک استعمال کر نے کا حق رکھتاہے۔

تکنیکی طور پر فرنچائز وہ معاہدہ ہے جس پر دونوں فریق دستخط کرتے ہیں اوردونوںاس امر کے پابند ہیں کہ وہ فرنچائزر اور فرنچائزی کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ جغرافیائی لحاظ سے اپنے کاروبار کو پھیلانے یا زائد مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کے خواہاں مالکان اپنے برانڈ اور مصنوعات یا خدمات کی فرنچائز فروخت کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

ہمارے ملک میں تقریباً ہر صنعت میں مشہور بین الاقوامی برانڈز سے لے کر مقامی برانڈز تک سینکڑوں کی تعداد میں فرنچائزز موجود ہیں۔ لہٰذا چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے کسی منفرد برانڈ یا کاروباری منصوبے کو اپنانا، فرنچائزنگ کا ایک درست آپشن ہوسکتا ہے۔

فرنچائزنگ کی تاریخ

امریکا کے پاس اس وقت ساڑھے سات لاکھ سے زائدیعنی دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ فرنچائزز ہیں۔ سلائی مشین کے مشہور موجد نے سفر کرنے والوں کو اپنی مشینیں بیچنی شروع کی تھیں،جو دوسرے ممالک میںجا کر یہ سلائی مشینیں فروخت کرتے تھے۔ اس کے فوراََ بعد ہی ،سوفٹ ڈرنک کے ایک مشہور برانڈ نے تھرڈ پارٹیز کے ذریعے ( ان کے مالی خطرات کے ساتھ) اپنی مصنوعات تقسیم کرنے کی اجازت دی۔

اس کے بعد کار بنانے والی بڑی کمپنیوں نے کار ڈیلرشپ قائم کرنا شروع کی کیونکہ وہ خود ریٹیل سینٹرز قائم نہیں کرسکتے تھے۔ یوں یہ سلسلہ دنیا بھر میں چل نکلا اور امریکا کے بعد مختلف ممالک کی کمپنیوں نے فرنچائز کاروبار شروع کیا۔

فرنچائز کیسے شروع کریں؟

اگر آپ کا خواب ہے کہ آپ خود اپنا کوئی چھوٹا کاروبار شروع کریں مگر آپ کو برانڈ تیار کرنے کا تجربہ یا آئیڈیا نہیں ہے تو پھر فرنچائز حاصل کرنا ہی بہتر اقدام ہوتا ہے۔ اگر آپ کو فرنچائز کاروبار میں دلچسپی ہے تو ذیل میں کچھ مشورے دیے جارہے ہیں۔

تحقیق کرنا

فرنچائزنگ کی دنیا میں داخل ہونے سے پہلے آپ کو اس کی نوعیت کو سمجھنا ہوگا۔ ایک بار جب آپ یہ سمجھ جائیں کہ یہ کیسے کام کرتی ہے، تو آپ کو اپنے دستیاب آپشنز کو چیک کرنے کی ضرورت ہوگی۔ یہ بات یقینی بنائیں کہ آپ جس فرنچائز کو شروع کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اس میںآپ کی دلچسپی اور کام کرنے کا جذبہ ہے کیونکہ اگر ایسا نہ ہوتو آپ برانڈ کا نام خراب اور اپنا سرمایہ ڈبو سکتے ہیں۔

فرنچائز کا انتخاب

تمام دستیاب آپشنز کو دیکھنے کے بعد،اپنی دلچسپی کے مطابق کسی ایک فرنچائز کا انتخاب کریں پھر اس کے بارے میں اور بھی گہرائی سے تحقیق کریں۔ اس کے متعلق قواعد و ضوابط، صارفین کے جائزے اور سوشل میڈیا پر پڑھیں۔ اگر آپ کو منتخب کردہ آپشن ہر لحاظ سے بہتر لگتا ہے تو پھر فرنچائزر کو بتائیں کہ آپ فرنچائز حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ آپ کو فرنچائز اور اس کے قواعد پر مشتمل دستاویز کی ایک کاپی فراہم کرے گا، جو اس معاہدے کی بنیاد ہوگی، جس پر بالآخر دستخط کیے جائیں گے۔

فرنچائزر سے ملاقات

فرنچائز کے متعلق فیصلہ کرنے کےبعد آپ کو فرنچائزر سے ملنے اور کاروبار کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملے گا۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ خود کو ایک قابل کاروباری پارٹی کی حیثیت سے پیش کریں اور ہر وہ سوال پوچھیں جس کے جواب سے آپ کو آگے بڑھنے میںمدد حاصل ہو۔

معاہدے کا جائزہ

باہمی ملاقات کے بعد اگر دونوں فریق دلچسپی ظاہر کرتے ہیں تو ان سے فرنچائز معاہدے کا جائزہ لینے اور اس پر دستخط کرنے کو کہا جائے گا۔ یہ فرنچائزی اور فرنچائزر کے مابین قانونی طور ایک معاہدہ ہوگا۔ اس میں معاہدے کی شرائط و ضوابط کے ساتھ ساتھ فریقین کی ذمہ داریوں کا خاکہ پیش کیا جاتا ہے۔

کسی بھی معاہدے میں شامل ہونے سے پہلے اپنے وکیل، اکاؤنٹنٹ یا پھر کاروباری مشیر کو تعارفی دستاویزات (Disclosure Documents) اور مجوزہ معاہدے دکھا دیں۔ فرنچائزر کی جانب سے جو تعارفی دستاویزات مہیا کی جاتی ہیں ان سے کمپنی کے معاملات کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ اسے مکمل طور پر دیکھنا ضروری ہے تاکہ فرنچائزر کے متعلق سب کچھ جان لیں۔

مالی امور طے کرنا

فرنچائز شروع کرنے سےمتعدد اخراجات مشروط ہیں ، جیسے فرنچائز فیس اور رائلٹی وغیرہ

٭ فرنچائز فیس: یہ فرنچائز میںشامل ہونے کی ابتدائی فیس ہوتی ہے۔

٭ رائلٹی : یہ فرنچائز کو مستقل پاس رکھنے کی فیس ہے۔

٭ مارکیٹنگ فیس : یہ برانڈ کی مارکیٹنگ کے حوالے سے سامنے آنے والی فیس ہوتی ہے۔

مذکورہ بالا فیسیں صرف ایک فرنچائز شروع کرنے کے ساتھ منسلک لاگت نہیں ہیں۔ دراصل کسی بھی فرنچائز کو کاروبار شروع کرنے کے لئے مالی اعانت (فرنچائز) کے علاوہ مذکورہ بالا اخراجات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ فرنچائزر آپ کو برانڈنگ، بزنس پلان اور سسٹم مہیا کرے گا لیکن سرمایہ آپ کا ہوگا۔ فرنچائزسے متعلق اخراجات کا انحصار صنعت اور برانڈ کے نام پر ہوتا ہے۔

جگہ منتخب کرنا

جگہ کا انتخاب کرتے وقت فرنچائزر آپ کو علاقے یا مقام کے حوالے سے کچھ عمومی رہنما ہدایات دے سکتاہے۔تاہم، یہ مکمل طور پر آپ پر منحصر ہے اس لیے حکمت عملی بنائیں۔ حریف کاروباروں،خریداروں اور گردونواح کو مد نظر رکھیں۔

مطلوبہ تربیت مکمل کرنا

آپ جس فرنچائزر کے ساتھ کام کر رہے ہیں اس کے پاس کچھ ضروری تربیت ہوگی، جسے آپ کو حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ کی تربیت کے وقت او ر کونٹینٹ کا انحصار فرنچائزر پر ہوگا۔

عمدہ آغاز

فہرست میں آخری چیز یہ ہے کہ خودکو ، اپنی دکان یا اسٹور کو اور اپنے ملازمین کو فرنچائز کے افتتاح کے لیے اچھی طرح تیار کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے پہلا تاثر عمدہ چھوڑناہے۔

فرنچائز حاصل کرنے کے فوائد

فرنچائز حاصل کرنے کے کئی فوائد ہیں ، جن کا ذکر ذیل میںکیا جارہا ہے۔

ناکامی کا کم خطرہ: کوئی بھی نیا کاروبار شروع کرنے کی نسبت فرنچائز کے ناکام ہونے کے امکانات نہایت کم ہوتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ آپ فرنچائز کی صورت میں جو کاروباری تصور لیتے ہیں، اس میں زیادہ تر انتظامی مسائل پہلے ہی فرنچائزر کی جانب سے حل کیے جاچکے ہوتے ہیں۔

آپ ایک نئے کاروبار کی طرح اندازوں پر چلنے کے بجائے اس میں پہلے سے طے شدہ طریقوں پر عمل کرتے ہیں۔ یہ ایک مکمل پیکج ہوتا ہے، جس میں ٹریڈ مارکس، مارکیٹنگ کا ثابت شدہ طریقہ، چیزوں تک آسان رسائی، سامان اور انونٹری وغیرہ شامل ہوسکتی ہیں۔

قوتِ خرید: فرنچائز مالک ہونے کی صورت میں آپ کی قوتِ خرید، فرنچائز کے پورے نیٹ ورک کی قوتِ خرید ہوتی ہے۔ اس طرح آپ کم قیمت پر چیزیں حاصل کرنے اور اپنے حریفوںکا مقابلہ کرنے کی بہتر پوزیشن میں آجاتے ہیں۔

کاروباری طریقہ کار: بہت سی فرنچائزز اپنے فرنچائزی کو مختلف ثابت شدہ سسٹم فراہم کرتی ہیں جیسے کہ اکائونٹنگ سسٹم، ٹریننگ، تحقیق، ڈیویلپمنٹ، سیلز اور مارکیٹنگ میں رہنمائی، منصوبہ بندی، مستقبل کی پیشگوئیاں، مالی انتظام و انصرام وغیرہ۔ فرنچائز کے ذریعے آپ کو ایسے طریقہ کار بتائے جاتے ہیں، جو کاروبار کو کامیابی کی طرف لے جانے میں معاون ہوتے ہیں۔

جگہ کے انتخاب میں مدد: عموماً فرنچائزز کاروبار کے لیے بہتر جگہ کے انتخاب میں فرنچائزی کی مدد کرتی ہیں تا کہ ایک ایسی جگہ کاروبار کا آغاز کیا جائے جہاںوہ پھلے پھولے۔ کچھ فرنچائزز ابتدائی طور پر مالی مدد بھی فراہم کرتی ہیں تاکہ فرنچائزی کم سے کم سرمائے سے کاروبار شروع کرسکے۔

تشہیر: فرنچائزر کی جانب سے قومی اور علاقائی سطح پر چلائے جانے والے اشتہارات اور تشہیری مہمات کا فرنچائزی کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ اگر یہ کام فرنچائزی کو خود کرنا پڑے تو اس پر کافی زیادہ اخراجات آتے ہیں۔