گردوں کا اسپتال غیرفعال، کینسر سمیت گردوں کی پیوندکاری کے مریض علاج کی سہولت سے محروم

May 10, 2021

نواب شاہ(محمد انور شیخ: بیورو رپورٹ) گردوں کی پیوند کاری کا بے نظیر انسٹی ٹیوٹ آف یورو لوجی اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹ اسپتال آٹھ سال بعد بھی نامکمل،نادار مریض دھکے کھانے پر مجبور ہیں ۔ منتخب ممبر قومی اسمبلی آصف علی ذرداری نے اپنے دور صدارت میں نواب شاہ میں گردوں کے کینسر سمیت دیگر امراض کے علاج اور گردوں کی پیوند کاری کے لئے ایس آئی یو ٹی کی طرز پر سرکاری سطح پر ایک ارب روپے کی لاگت سے پروفیسر ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی کی نگرانی میں کورٹ روڈ پر اسپتال کا منصوبہ دیاٹھا اس سلسلے پیپلز میڈیکل اسپتال کے یورولوجی ڈیپارٹمنٹ کے انچاج پروفیسر ڈاکٹر محمد علی سہیل نے جنگ کو بتایا کہ اسپتال کی تعمیر مکمل ہے جبکہ سرکاری اسپتال کے فعال ہونے سے سندھ کے ہزاروں گردوں کے مریضوں کو گھر کی دھلیز پر علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسپتال میں چھ آپریشن تھیٹر ،او پی ڈی کے علاوہ مختلف شعبے بنائے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ پیپلز میڈیکل اسپتال کے گردوں کے وارڈ کی او پی ڈی کو اس نئے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ اسپتال کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لئے محکمہ سندھ کو لکھا گیا ہے دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ فوری طور پر عوامی بھلائی کے اس منصوبے کو مکمل کرے تاکہ گردے کے مریضوں کو علاج کی سہولتیں حاصل ہوسکیں۔