پی سی آر ڈبلیو آر ملازمین کی ریگولرائزیشن پر سیکرٹری کے دستخط نہ ہونے کا انکشاف

May 11, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان آبی وسائل کی تحقیقاتی کونسل (پی سی آر ڈبلیو آر) کے دو سال قبل تقریباً ڈیڑھ سو پراجیکٹ ایمپلائز کے ریگولرائزیشن ڈاکومنٹس پر اس وقت کے وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور فنانس ڈویژن حکام کے دستخط نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیف ڈرنکنگ واٹر پراجیکٹ پر باقاعدہ طریقہ کار کے تحت بھرتی ہونے والے گریڈ ایک تا انیس تک کے ان ملازمین کو پراجیکٹ کے ختم ہونے کے تین سال بعد جون 2019ء کو ریگولر کر دیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے انہیں باقاعدہ ریگولرائزیشن کے تقرر نامے دیئے تھے۔ اس کیلئے باقاعدہ فنڈنگ بھی فنانس ڈویژن نے کی تھی مگر اب وزارت کے حکام کا خیال ہے کہ ان پراجیکٹ ایمپلائز کی ریگولرائزیشن کا عمل صحیح نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت کے وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی کیپٹن (ر) نسیم نواز نے ان کی ریگولرائزیشن کے کیس پر دستخط تک نہیں کئے تھے اور نہ ہی فنانس ڈویژن نے دستخط کئے تھے۔