بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع واسا سٹاف کا نکاسی آب آپریشن

May 11, 2021

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) راولپنڈی میں گزشتہ شام ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ نکاسی آب کے کام پر مامور واٹر اینڈ سینی ٹیشن سٹاف نے ہیوی مشینری کے ذریعے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی راجہ شوکت محمود نے اپنے افسران کے ساتھ آپریشن کی نگرانی بھی کی۔ اس موقع پر انھوں نے ماتحت فیلڈ سٹاف کو ہدایات جاری کیں اور ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کے ساتھ موجود رہیں اور جب تک پانی کی نکاسی مکمل طور پرنہیں ہو جاتی تب تک تمام موجود وسائل کو بروئے کار لائیں۔دریں اثناءڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کیپٹن(ر)عبدالستار عیسانی نے واسا کےعملے کو بارش کے پانی کی نکاسی تک نشیبی علاقوں میں آپریشن کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آریہ محلہ، چمن زار، ناز سینماء، مسلم ٹاون، صادق آباد، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ سمیت تمام اہم شاہراہوں میں جمع ہونے والے پانی کی وقفے وقفے سے رپورٹ لی ۔اس موقع پر انہوں نے ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود کو خود آپریشن کی نگرانی کی ہدایت بھی کی ۔