کونسلر عروج شاہ اولڈہم کونسل کی لیڈر منتخب

May 13, 2021

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) اولڈہم کونسل میں لیبر کی میٹنگ میں کونسل لیڈر شین فیلڈنگ کے کونسل انتخابات ہارنے کے بعد نئے لیڈر کیلئے کونسلر عروج شاہ کو اولڈہم کونسل کا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے ۔یاد رہے عروج شاہ جب سے کونسلر منتخب ہوئی ہیں اپنی اہلیت و قابلیت کی بنا پر جماعت کے اندر اور کمیونٹی میں خاص مقام رکھتی ہیں، عروج شاہ کے لیڈر بننے سے کمیونٹی کے اندر خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ کونسلر عروج شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں نارتھ انگلینڈ کی پہلی پاکستانی خاتون کےبڑے عہدے پر فائز ہونے پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ترجیحات انتہائی سادہ اور واضح ہیں کہ اولڈہم کی گلیوں کو صاف ستھرا بنانا ہے اور اس کے لیے وہ مخصوص رقم مختص کریں گی تاکہ اولڈہم میں رہنے والے یہاں رہنے پر فخر محسوس کریں اور جو لوگ گلیوں میں گندگی پھیلانے کے مرتکب ہیں ان کا محاسبہ ہو ،ان کا کہنا تھا کہ کورنا وائرس کی وبا سے جو لوگ معاشی بد حالی کا شکار ہوئے ہیں ان کی بحالی کے لیے کونسل کی جانب سے مدد اور برابری کی سطح پر سب سے یکساں سلوک کرنے کی حکمت عملی کو ترجیح دی جائے گی، اولڈہم میں بسنے والے نوجوان جو روزگار کی تلاش میں ہیں، ادھیڑ عمر افراد جو تنہائی کا شکار ہیں کونسل ان کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔ان کا کہنا تھا ہم کونسل کے اندر ایسا نظام لائیں گے جس میں لوگوں کے مسائل کو سنا جائے گا اور میں اس بات کو یقینی بناؤں گی کہ ان کی ہر ممکن مدد کریں جس سے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور اولڈہم کی وجہ شہرت انڈسٹری ہو ،ان کا کہنا تھا کہ کونسل کے جاری تمام منصوبہ جات کو اپنے ساتھی کونسلرز ،کونسل کے ملازمین اور عوام کے تعاون سے جاری رکھتے ہوئے اولڈہم کو اس مقام پر لے کر جائیں گے جہاں اسے ہونا چاہیے۔ یاد رہے کونسلر عروج شاہ کے والد 1968 میں برطانیہ اولڈہم آئے اور ٹیکسٹائل مل میں کام کیا، کونسلر عروج شاہ اس وقت برطانیہ کے سب سے پسماندہ علاقے گلاڈوک میں رہائش پذیر ہیں۔