عید گھر پر منائیں، رشتے داروں سے ملنےجائیں نہ انہیں آنے دیں، وزیراعلیٰ

May 13, 2021

عید گھر پر منائیں، رشتے داروں سے ملنےجائیں نہ انہیں آنے دیں، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید پر رشتہ داروں اور دوستوں سے ملنے سے گریز سے کریں ، کیونکہ گزشتہ عید الفطر عید کے فوراً بعد ہی مثبت کیسز کا تناسب بڑھتا ہی چلا گیا تھا ، سید مراد علی شاہ نے صوبے کے لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ عید الفطر کے موقع پر اپنے رشتہ داروں سے ملنے نہ جائیں ، گزشتہ عید پر کیسز کی تعداد میں 30فیصد اضافہ ہوا جوکہ اس بار خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ، یہی وائرس پر قابو پانے کا واحد طریقہ ہے تاکہ دوسرے افراد بھی محفوظ رہیں ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء ، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سید ناصر شاہ ، جام اکرام ، مشیر قانون مرتضی وہاب ، پارلیمانی سیکرٹری قاسم سراج سومرو ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، آئی جی سندھ مشتاق مہر ، اے سی ایس ہوم عثمان چاچڑ ، کمشنر کراچی نوید شیخ، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، ، کمشنر کراچی نوید شیخ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران منہاس ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی ، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو ، سیکرٹری صحت کاظم جتوئی ، ڈاکٹر باری ، ڈاکٹر فیصل ، ڈاکٹر سجاد قیصر ، وائس چانسلر ڈائو ڈاکٹر سعید قریشی اورکور 5 ، رینجرز اور WHO کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں گذشتہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کوویڈ کیسز کا موازنہ کیا گیا جس میں مثبت کیسز میں 30فیصد اضافہ ہوا۔ پچھلی عید الفطر 24 مئی 2020 کو منائی گئی تھی اور اُس دن 846 یا 15 فیصد مثبت کیسز ہوئے تھے۔ عید کے فوراً بعد ہی مثبت کیسز کا تناسب بڑھتا ہی چلا گیا اور 18 دن کے اندر یہ 3038 کیسز تک پہنچ گیا ، جوکہ تناسب کا 30 فیصد تھا۔