بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نماز جنازہ میں شریک تھے۔
وزیر داخلہ و اطلاعات کے علاوہ سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، عزیز اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد گزشتہ روز بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہوئے تھے۔
وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہید کی غیر معمولی جرات، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے کہا پاک فوج بھارتی سرپرستی میں دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہے، ہمارے شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور خود مختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، افواج پاکستان اور قوم اہلِ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔