سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس، اسمگلنگ کے خلاف سزائیں بڑھانے کی تجویز منظور

June 15, 2021

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نےاسمگلنگ کے خلاف سزائیں بڑھانے کی تجویز منظور کرلی گئی۔

سینیٹر طلحہ محمود کمی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ نے چینی کی ریٹیل پرائس پر سیلز ٹیکس کی تجویز مسترد کر دی، جبکہ اسمگلنگ کے خلاف سزائیں بڑھانے کی تجویز منظور کرلی گئی۔

اجلاس کے دوران اسمگلنگ میں ملوث ٹرک ڈرائیور پر پکڑے جانے پر پہلی بار 50 ہزار جرمانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ دوسری مرتبہ پکڑے جانے پر 1 لاکھ روپے جرمانے کی تجویز سامنے آئی۔

اسمگلنگ میں ملوث ٹرک ڈرائیور پر تیسری بار پکڑے جانے پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ اسمگلنگ میں ملوث ٹرک ڈرائیور پر چوتھی بار 2 لاکھ روپے جرمانے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح آن لائن مارکیٹ اور کاروبار کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز مسترد کی گئی ہے، جبکہ آن لائن کاروبار کرنے والے ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز بھی مسترد کردی گئی۔

اجلاس کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ہر فرد کا شناختی کارڈ ہی اس کا این ٹی این ہوگا، کمپنیوں کے لیے سیلز ٹیکس نمبر کی بجائے این ٹی این نمبر استعمال ہوگا۔

سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ نے ایف بی آر کی طرف سے نان ٹیکس دہندگان کو گرفتاری سے متعلق شق منظور نہیں کی۔

نان ٹیکس دہندگان کی گرفتاری سے متعلق شق پر کل کے اجلاس میں دوبارہ غور ہو گا۔

کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت ایف بی آر کی طرف سے شہریوں کو ہراساں نہ کرنے کی بات کرتی ہے، دوسری جانب ایف بی آر کو لا محدود اختیار دیے جارہے ہیں۔