حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر5 اسٹورز پر جرمانے

June 16, 2021

کوئٹہ(خ ن) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے انسپکشن ٹیم نے جی او آر کالونی چمن ہاؤسنگ اسکیم ، کلی اسماعیل اور کلی شابو میں حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف اشیاء کی فروخت پر ایک معروف جنرل سٹور سمیت پانچ مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق عوامی شکایات پر جی او آر کالونی میں واقع مشہور جنرل سٹور " نظام شیریں " کی انسپکشن کے دوران سٹور سے مختلف زائدالمیعاد خوردنی اشیاء جن میں ملک ڈرنکس ، خشک دودھ ، پیکٹ مصالحہ جات ، کیچپ ، مائیونیز اور اچار سمیت مختلف اشیاء شامل تھیں برآمد ہوئیں ، جس پر اسٹور کے خلاف کارروائی کی گئی ، دوران معائنہ ایک سوئیٹس اینڈ بیکرز کو اشیاء کی نامناسب سٹوریج و خراب مٹھائیوں کی موجودگی جبکہ تین د یگر جنرل سٹورز کو بڑی مقدار میں ممنوعہ و مضرصحت چائنیز نمک اور غیر معیاری فوڈ کلرز کی برآمدگی پر جرمانہ کیا گیا،بی ایف اے حکام نے کارروائیوں کے دوران برآمد ہونے والی ایکسپائرڈ و ممنوعہ اشیاء ضبط کرلیں جبکہ پندرہ سے زائد مراکز کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔