تنہائی کا احساس صحت عامہ کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، بیرونس ڈیانا بران

June 19, 2021

لندن(پی اے )تنہائی سے متعلق امور کی وزیر بیرونس ڈیانا بران نے کہا ہے کہ اب جبکہ معاشرہ کھل رہاہے لوگوں معاشرے میں اپنا وجود قائم رکھنے کی جدوجہد میں مصروف لوگوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے،انھوں نے کہا کہ تنہائی کااحساس صحت عامہ کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے،انھوں نے کہا کہ لاک ڈائون سے یہ ثابت ہوگیاہے کہ ہمارا باہم رابطہ کتنی اہمیت رکھتاہے ،انھوں نے کہا کہ ملک اس وقت احساس تنہائی کے مسئلے سے نمٹنے کے حوالے سے انتہائی نازک صورت حال سے دوچار ہے۔LetsTalkLoneliness مہم کے موقع پر انھوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے دوستوں ،فیملی اور پڑوسیوں سے رابطہ کرکے ان سے معلوم کریں کہ وہ دوبارہ پابندیوں سے آزادی پر کیا محسوس کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ لوگ ایسے لوگوں کو جو تنہائی کے احساس کے شکار ہیں باقاعدگی سے رضاکارانہ طورپر رابطے کرکے ان کی تنہائی کا احساس کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم میں سے تقریباً ہر ایک کو تنہائی کا تجربہ ہوا ہے اور ہم ایسے کسی نہ کسی فرد کیلئے پریشان رہے ہیں جو تنہا تھا ،اب جبکہ کورونا کی پابندیوں میں نرمی کے بعد لوگ دوبارہ ایک دوسرے سے مل جل رہے ہیں ایسے بہت سے لوگ ہیں جو ملازمت سے محروم ہوجانے یا اپنے کسی عزیز کی موت پر یا کسی اور وجہ سے مغموم اور سوگوار ہیں ہمیں ایسے لوگوں کا خاص طورپر خیال کرنا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کاخیرمقدم کرتے ہیں جو دوبارہ زندگی کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں لیکن ہم ان کو فراموش نہیں کرسکتے جو اس کیلئے جدوجہد میں مصروف ہیں اور ہمیں اس حوالے خصوصی فراخدلی کا اسی طرح مظاہرہ کرنا چاہئے جس طرح گزشتہ سال ہم نے رضاکارانہ طورپر لوگوں کو امداد بہم پہنچاکر کیاتھا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ ہماری کمیونٹیز پہلے سے زیادہ مستحکم اور مضبوط ہوکر ابھریں۔انھوں نے کہا کہ ریسرچ سے ظاہرہوتاہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد احساس تنہائی کا شکارہوئی ہےاو رمعذور اور طویل عرصے سے بیمار اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے گزشتہ 15 ماہ سے خود کو تنہا محسوس کررہے ہیں انھوں نے کہا کہ ریسرچ سے یہ بھی ظاہرہواہے کہ صرف تنہائی کے بارے میں بات کرنے سے بھی احساس تنہائی دور کرنے میں بہت مدد ملتی ہے احساس تنہائی کے مسئلے کو اجاگر کرنے اور اس مسئلے سے دوچار افراد کو ریلیف فراہم کرنے کی اس مہم میں70 سے زیادہ تنظیمیں حصہ لے رہی ہیں عام آدمی وہاٹس اپ پر میسیج کے ذریعے ان سے مشورے حاصل کرسکتاہے ،اس حوالے سے بھیجے جانے والے خط پر رائل میل کی جانب سے LetsTalkLoneliness کی مہر لگائی جائے گی۔اور سینٹرل لندن کے بی ٹی ٹاور پر تنہائی دور کرنے کے طریقے آویزاں کئے جائیں گے۔حکومت نے انگلینڈ میں احساس تنہائی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے نچلی سطح پر کام کرنے والی چیریٹیز اور گروپوں کومدد فراہم کرنے کیلئے مزید 2 ملین پونڈ دینے کا اعلان کیا ہے ،اس کام میں مصروف گروپ فنڈ سے اپنے حصے کیلئے 28 جون سے درخواستیں دے سکیں گے ۔