صحافیوں پر حملے کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

June 19, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر پرویز شوکت‘ آر آئی یو جے کے صدر یاسر شہزاد شیخ اور دیگر عہدیداروں پر پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد کے سامنے غنڈہ عناصر کے قاتلانہ حملے اور فائرنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں پی ایف یو جے (ورکرز) کی اپیل پر منسلک تنظیموں نے مظاہرے کئے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ دن دیہاڑے فائرنگ کرنے اور تشدد کرنے اور انتہائی احساس علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ متعدد شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں اسلام آباد‘ لاہور‘ کراچی‘ گوجرنوالہ‘ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ منڈی بہائوالدین‘ مظفر گڑھ اور اندون سندھ دادو‘ سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کی یوینز نے مظاہروں میں حصہ لیا۔ مظاہروں میں صحافیوں‘ میڈیا ورکرز اور سول سوسائٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اسلام آباد میں مظاہرے کی قیادت صدر یونین پرویز شوکت‘ اپینک کے چیئرمین سید اکرام بخاری‘ آر آئی یو جے کے صدر یاسر شہزاد شیخ‘ جنرل سیکرٹری عاطف شیرازی‘ نائب صدر عبید ابرار کے علاوہ دیگر قائدین نے کی۔