عید پر بسیارخوری، شہریوں کی بڑی تعداد پیٹ کے امراض میں مبتلا

July 26, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عیدقرباں پرگوشت کے زیادہ استعمال سے بڑی تعداد میں شہریوں کی طبیعت خراب ہوئی ۔ بسیار خوری و بدپرہیزی سے شہری ڈائیریا ، گیسٹرواور پیٹ کےدیگر امراض میں مبتلا ہوئے جبکہ دل کے امراض میں مبتلا افراد کی بڑی تعداد کی حالت بھی غیر ہوئی جنہوں نے اسپتالوں کا رخ کیا، سرکاری اسپتال بالخصوص جناح ، سول اور عباسی اسپتال کا شعبہ حادثات مریضوں سے بھر ا رہا ۔ماہرین صحت کے مطابق شہریوں نے باربی کیو کے ساتھ زیادہ چکناہٹ اور دیرسے ہضم ہونے والی غذائیں کھائیں اور کولڈ ڈرنکس کا بھی استعمال کیاجس سے پیٹ کے امراض بڑھے جبکہ مریضوں کو دل کے دورے بھی پڑے ۔ ماہرین صحت کے مطابق عید کے موقع پر شہری بالخصوص بزرگ افراد بدپرہیزی کرتے ہیں اورگوشت کا مقررہ مقدار سے بہت زیادہ استعمال کر جاتے ہیں ہمارے ہاں عموماً بزرگ افراد ذیابطیس ، بلڈ پریشر اور دل کے امراض میں بھی مبتلا ہوتے ہیں جنہیں گوشت کے نہایت کم استعمال کی اجازت ہوتی ہے لیکن وافر مقدار میں استعمال سے ان کا بلڈ پریشر اور شوگر قابو میں نہیں رہتا جبکہ وہ ڈائیریا اور گیسٹرو کے امراض میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ تہواروں اور تقریبات میں بھی کھانے میں اعتدال سے کام لینا چاہیے گوشت کے ساتھ سبزیوں اور پھلوں کا بھی استعمال کرنا چاہیےاور بازاری کھانوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔