آزاد کشمیر انتخابات: ٹوئٹر پر PTI کے حامیوں کا جشن

July 26, 2021

آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نےواضح برتری حاصل کرلی جس کے بعد سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے سپورٹرز کی جانب سے جشن منایا جارہا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں اس وقت ہیش ٹیگ ’کشمیر الیکشن 2021‘ سرفہرست ہے، اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے جہاں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے کارکنان اپنی شکست پر شدید غصے کا اظہار کررہے ہیں تو وہیں پی ٹی آئی کے سپورٹرز کی جانب سے جیت کا جشن منایا جارہا ہے۔

محمد عامر نامی صارف نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’25 جولائی 2018 کو پاکستان کے عوام نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب کیا اور 25 جولائی 2021 کو آزاد کشمیر کے غیور عوام نے کشمیر کے بہادر سفیر کو فتح سے ہمکنار کروا کر اس کے ایک بہترین لیڈر ہونے کا ثبوت دیا۔‘

ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ایک بار، ایک لیجنڈ نے کہا تھا کہ ’میں ان کو رلاؤں گا۔‘

طیب نامی صارف نے بھارتی اداکارہ ودیا بالن کے فلم کے ایک سین کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’اس وقت مریم نواز کی یہ حالت ہے۔‘

امان اللّہ نامی صارف نے ٹوئٹر پر ایک فوٹو کولاج شیئر کیا جس میں پہلی تصویر وزیراعظم عمران خان کی ہے جو بہت خوش نظر آرہے ہیں، دوسری تصویر میں نواز شریف اور مریم نواز کو حیرت زدہ انداز میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ تیسری تصویر میں بلاول بھٹو رو رہے ہیں۔

صارف نے فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انتخابات کے نتائج کے بعد کی صورتحال۔‘

شہباز خان نامی صارف نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’عمران خان پر بھروسہ کرنے کے لیے آزاد کشمیر کے عوام کا شکریہ۔‘

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مارلیا، غیر سرکاری اورغیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 25 نشستیں جیت لیں اور تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی۔

پیپلزپارٹی 11 اور ن لیگ 6 نشستوں پر کامیاب رہی جبکہ مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کوایک ایک نشست ملی۔

ایل اے 16 باغ کے نتائج روک دیے گئے۔ چار پولنگ اسٹیشن پردوبارہ پولنگ کا فیصلہ آج ہوگا۔