اسلام آباد (محمد صالح ظافر) پاکستان کی ثالثی کوششیں، ایران اور امریکہ کے درمیان نئی تجاویز کا تبادلہ نہیں ہوا۔ ایران نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن سے موصول پانچ نکاتی تجاویز سے متعلق اپنا مؤقف غیر رسمی طور پر پہنچایا محسن نقوی آج قیادت کو تہران ملاقاتوں کے نتائج سے آگاہ کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائیگا۔ پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی کے تہران کے دورے کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان کسی نئی تجویز کا تبادلہ نہیں ہوا، تاہم ایران نے امریکہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے دی جانے والی پانچ نکاتی تجاویز پر اپنا غیر رسمی مؤقف ضرور پہنچایا ہے۔ محسن نقوی، جو حکومت پاکستان کے خصوصی نمائندے کے طور پر اچانک تہران گئے تھے، دورہ مکمل کر کے اسلام آباد واپس پہنچ چکے ہیں۔ ان کے اس غیر اعلانیہ دورے کا مقصد بگڑتی ہوئی جنگ بندی کی صورتحال کو بہتر بنانا اور ایران و امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کو آگے بڑھانا بتایا گیا ہے۔ انہوں نے ایرانی صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی سلامتی، حالیہ کشیدگی اور کمزور جنگ بندی کو مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔