کراچی (رفیق مانگٹ) امریکہ نے ایران کے لیے امن عمل کی پانچ سخت شرائط مقرر کر دیں۔ ایرانی سرزمین پر بمباری کے نقصانات کا معاوضہ دینے سے واشنگٹن کا انکار، 400 کلوگرام افزودہ یورینیم کی منتقلی اور ایک جوہری تنصیب تک محدود کرنے کا مطالبہ، ایران کے منجمد اثاثوں میں صرف 25 فیصد تک نرمی پر آمادگی، لبنان سمیت تمام محاذوں پر کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر زور، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ امن عمل کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں واشنگٹن نے تہران کے لیے پانچ سخت شرائط عائد کر دی ہیں۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، امریکی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان شرائط کو پورا کیے بغیر دونوں ممالک کے درمیان امن عمل کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔ رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے ایران کے اس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے جس میں ایرانی سرزمین پر بمباری سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے معاوضہ طلب کیا گیا تھا۔ واشنگٹن نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی مالی ادائیگی کے لیے تیار نہیں۔