• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت مند شادی، صحت مند قوم کی ضمانت ہے، فادر فلک شیر

چرچ آف دی اسینشن سلفورڈ کے پادری ریورنڈ کینن فادر فلک شیر نے کہا ہے کہ صحت مند شادی صحت مند قوم کی ضمانت ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کم عمری کی شادیوں پر پابندی لگائی جائے اور کم عمری کی شادیوں کے بارے میں بچوں اور والدین میں اجتماعی شعور پیدا کیا جائے۔

فادر فلک شیر نے سلفورڈ چرچ میں اوورسیز پاکستانی مسیحی کمیونٹی کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بشپ ڈیوڈ واکر، لارڈ بشپ آف مانچسٹر کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔

 تقریب سے ریورنڈ فیاض عدنان، آصف مل، آفتاب الیگزینڈر، بیرسٹر مقبول ملک، ریورنڈ ناتھن بھٹی، محبوب الٰہی بٹ اور دیگر نے خطاب کیا۔

فادر فلک شیر نے لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں 12 سال 9 ماہ کی بچی ماریہ شہباز کے مبینہ اغوا، تبدیلی مذہب اور عدالت کی جانب سے شادی کو جائز قرار دینے اور مقدمہ کی تنسیخ سے متعلق عدالتی فیصلے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ان کم عمر بچیوں کے نام ہے جو طاقت اور مذہب کے نام پر خاموشی سے ظلم برداشت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری میں ماں بننے والی بچیاں ذہنی دباؤ کا شکار ہوتی ہیں، جس سے ایک غیر صحت مند معاشرہ جنم لیتا ہے۔ اگر ماؤں کو اچھی صحت اور تعلیم دی جائے تو وہ ایک عظیم قوم کی تعمیر کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شادی کی قانونی عمر 18 سال ہے، لیکن اب بھی ہزاروں بچوں کی کم عمری میں شادیاں کی جا رہی ہیں۔

فادر فلک شیر نے اعلان کیا کہ ماریہ شہباز کیس میں عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی اور بیرسٹر مقبول ملک اس مقدمہ میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پیروی کریں گے۔

مقررین نے پاکستان میں کم عمری کی شادیوں کی مذمت کرتے ہوئے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور قانون پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس معاملہ کو برطانوی پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کے سامنے اٹھائیں گے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید