اسلام آباد کے 8منصوبوں کے پی سی ون اور ٹو کی منظوری

September 15, 2021

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے سیکرٹریٹ میں ہونے والے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کی تعمیر و ترقی کے حوالہ سے پیش کئے گئے آٹھ منصوبوں کے پی سی ون اور پی سی ٹو کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پیش کئے جانے والے منصوبوں میں سرفہرست ’’اسلام آباد بس سروس‘‘ کے منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر 873 ملین لاگت آئے گی۔ یہ منصوبہ فروری 2022 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت بس سروس تین روٹس سواں گارڈن سے فیصل مسجد، بہارہ کہو تا فیض احمد فیض میٹرو سٹیشن اور ترنول ریلوے سٹیشن تا ایم فائیو میٹرو سٹیشن تک چلائی جائیں گی۔ اجلاس میں شہر کے مختلف پارکس میں شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے 115 عوامی ٹائلیٹس شہر کے مختلف مقامات پر تعمیر کئے جانے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کی کل لاگت 40 ملین روپے ہے‘ کی بھی منظوری دی گئی جس کو چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ جبکہ اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو قائم رکھنے کے لئے شعبہ سینی ٹیشن کو جدید مشینری ان ہائوس مہیا کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ جس پر 689 ملین لاگت آئے گی جس کو چھ ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ اسی طرح ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے 4013 ملین کی مشینری خریدی جائے گی۔ اس سے سی ڈی اے کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں ٹریفک کا دبائو کم کرنے کے لئے اتاترک ایونیو، سیکٹر جی فائیو اور جی سکس پر انڈر پاس ملحقہ سڑکوں کو کشادہ کرنے کیلئے 193 ملین روپے کی منظوری دی گئی، جبکہ اتاترک ایونیو سے جناح ایونیو اور ایوب چوک تک کی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے 157ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کو چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ مزید برآں اسلام آباد سمارٹ سٹی کی20 ملین روپے کی لاگت سے فزیبلٹی کی تیاری کی منظوری بھی دے دی۔ سی ڈی اے اور عوام کے مابین رابطہ بڑھانے کیلئے یوٹیوب اور ایف ایم ریڈیو شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔